کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے شبہ میں امریکی شہری پکڑا گیا

کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے شبہ میں امریکی شہری پکڑا گیا
Operation
کیپشن: Karachi

  

کراچی(کرائم رپورٹر) شہرقائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے دوران  ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں امریکی شہری کو حراست میں لے لیا گیا اور پولیس نے مقامی عدالت سے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔ جیول نامی امریکی شہری کو  کراچی ایئرپورٹ سے اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 308سے اسلام آباد روانگی سے قبل اسکے قبضے سے نائن ایم ایم  پستول کا میگزین اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی ملیر رائو انور کے مطابق امریکی شہری جیول کو حراست میں لئے جانے کے بعد پرواز نمبر پی کے 308 کے ذریعے اسلام آباد جانیوالے تمام مسافروں کی فہرست بھی حاصل کرلی گئی ہے اور مبینہ ہائی جیکنگ کے امکانات کے علاوہ شہر میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے بارے میں بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران شہر میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی بیشتر وارداتوں میں نائن ایم ایم پستولوں کا استعمال ہوا جبکہ امریکی شہری جیول کے پاس سے بھی نائن ایم ایم پستول کا میگزین اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جس کی بنا پر اس معاملے کی باریک بینی سے تفتیش کی جارہی ہے۔منگل کی دوپہر کو گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کردیا اور موقف اپنایاکہ ملزم سے تفتیش کیلئے سات روزہ جسمانی ریمانڈ دیاجائے ۔ عدالت نے پولیس کی سات روزہ استدعا مسترد کرتے ہوئے چار روز کے جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔

مزید :

کراچی -اہم خبریں -