سینیگال کا سعودی عرب میں فوج بھجینے کا اعلان

سینیگال کا سعودی عرب میں فوج بھجینے کا اعلان

ریا ض(آن لائن)افریقی ملک سینیگال نے سعودی عرب کی درخواست پر حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف عرب اتحاد کی مدد کے لیے دو ہزار سے زائد فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔سینیگال پہلا غیر عرب ملک ہے جس نے اپنی فوج سعودی عرب کی مدد کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق سعودی عرب نے سینیگال کے صدر میکے سال سے گزشتہ ماہ سعودی عرب کے دورے کے دوران فوجی مدد مانگی تھی۔ س ینیگال بھی سعودی عرب کی طرح ایک سنی ملک ہے اور سعودی عرب نے اسے حالیہ برسوں میں کافی امداد دی ہے۔ادھر اقوام متحدہ نے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عرب ممالک کے اتحاد پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے شہر صنعا میں بمباری بند کرے۔اقوام متحدہ کے انسانی فلاح کے ادارے یوہانس ڈر کالاو نے کہا کہ صنعا کا ایئرپورٹ یمن میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور وہاں امداد پہنچانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن اب اس کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ اب وہ قابل استعمال ہی نہیں رہا۔ اقوام متحدہ کے اہلکار نے کہا کہ صنعا کے ایئرپورٹ کو قابل استعمال بنانے کے لیے اس کی مرمت کرنے کی ضرورت ہو گی۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے یمن میں امدادی کارروائیوں میں مصروف اداروں کے لیے اپنا کام جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔

مزید : عالمی منظر