بلوچستان میں ماضی قریب کی نسبت حالات بہتر ہیں ،لیاقت بلوچ
لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بلوچستان کے تین روزہ دورہ کے بعد منصورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس دورہ میں بلوچستان کے گورنر ، وزیراعلیٰ ، وزیر داخلہ ، دانشوروں اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں ۔ بلوچستان میں ماضی قریب کی نسبت حالات کچھ بہتر ہیں لیکن عوام میں خوف ، بے اعتمادی اور حکومت و ریاستی اداروں کی ایڈہاک بنیادوں پر پالیسی کی وجہ سے بے یقینی موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے حالات کی مستقل بہتری کے لیے ناگزیر ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان میں چالیس ہزار خالی آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر روزگار مہیا کرے۔ این ایف سی کی بنیاد پر صوبہ کو حاصل وسائل کا امانت و دیانتدار ی سے استعمال کیا جائے ۔ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور کے حوالے سے بلوچستان کے عوام کے خدشات دور کیے جائیں ۔ بلوچستان اور خیبر پی کے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی شاہراہ سے محروم نہ کیا جائے ۔ بلوچستان میں ناراض عناصر کو بیرونی قوتوں کا ترنوالہ نہ بننے دیا جائے اور عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے مذاکرات کے لیے چھ ماہ کی مدت مقرر کر کے سیاسی حل کی جانب پیش رفت کی جائے ۔