لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہو گی ‘ ترقی نظر آئیگی ‘ نوازشریف

لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہو گی ‘ ترقی نظر آئیگی ‘ نوازشریف

 بہاولپور (اے این این،آن لائن ) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار جمہوریت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے،2018صرف الیکشن کا نہیں، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا،ہم نے ملک میں روشیاں لانے کے لئے اہم ترین مسائل پر ہاتھ ڈالا ہے،دہشتگردی اور گیس کی قلت کا خاتمہ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے،چین نے ایسے وقت میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب ہمیں اس کی سخت ضرورت تھی،چین کے تعاون سے جاری منصوبوں کی برق رفتاری اورمانیٹرنگ کے لئے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی،منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے،حکومت اور فوج نے مل کر آپریشن ضرب عضب شروع کیا،فاٹا سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا ہے اب متاثرین گھروں کو واپس جا رہے ہیں، کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا خاتمہ ہو گیا،امن و امان کی صورتحال بہترہوئی ہے،اب سیاسی حالات کو سدھارنے کی ضرورت ہے۔بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک کے پہلے مرحلے میں 100میگاواٹ بجلی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے فصل سے جس دن سے حکومت میںآئے ہیں ، ہمارا ایک ہی ارادہ ہے کہ پاکستان سے اندھیروں کو دور کرنا ہے ، پاکستان میں روشنیوں کو واپس لے کرآئیں گے ، پاکستان سے غربت دور کریں گے یقیناً اس کیلئے وسائل چاہئیں ۔انھوں نے کہا کہ حالات کو درست کرنے کے لئے ہم نے چند بڑی بڑی چیزوں پر ہاتھ ڈالا ، سب سے پہلے توانائی کی قلت کا خاتمہ ، گیس کی کمی پور ی کرنا ،دہشتگردی کو ختم کرنا اور کراچی کے حالات ٹھیک کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ہم نے ان چیلنجز کی آنکھوں میںآنکھیں ڈالیں اور ان پر ہاتھ ڈالا، اب بجلی کے آنے کی امید پیدا ہو چکی ہے ، 2017-18میں ہمیشہ کے لئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمے ہو جائے گا ، صنعت کا پہیہ دوبارہ چلے گا ، ملک میں ترقی نظرآئے گی۔آج پوری دنیا کا میڈیا کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام آ رہا ہے۔ہمیں ہر مرحلے پر نظر بد سے بچنے کی دعا کرنی چاہیے۔پاکستان میں ہر چیز تنقید کا نشانہ بنتی ہے جہاں جہاں اچھا کام ہو رہا ہے اس کی تعریف بھی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے ، چند مہینے پہلے اس پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں تھا لیکن چین کے صدر آئے اور اس کا اعلان کیا۔ہمارے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوئے تو پھر سب کو یقین آیا ۔انھوں نے کہا کہ آج یہاں چین کے سفیر بھی موجود ہیں میری ان سے بات ہوئی تو میں نے تجویز دی کہ منصوبوں کی تیز رفتاری کے لئے ایک سپیشل کمیٹی بنائیں گے تا کہ ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کی جا سکے ، میں ہر منصوبے پر خود جاؤں گا تا کہ کوشش کر کے تمام منصوبے مقرر وقت میں مکمل کریں ۔یہ درست ہے کہ پاکستان کے اندر سیاست نے ڈلیور نہیں کیایا کیا ہو گا تو بہت کم عرصے کے لئے ہو گا ، یہ پہلا موقع ہے جہاں جمہوریت ڈلیور کررہی ہے ، نئی روایت قائم ہو گی ہر شعبے میں ترقی بڑ تیزی کے ساتھ آئے گی ، ایک سال پہلے سولر پراجیکٹ کی جگہ لے رہے تھے ،ہم نے منصوبے کی بنیاد رکھی ، آج شمسی پینلز کا سمندر نظرآتا ہے آج یہاں سے 100میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے ، سولر کا سب سے بڑا پلانٹ یہ ہو گا ، دنیا کو پتا چلے گا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات خود پوری کرتا ہے ملک میں کتنے لوگ ہیں جو انڈسٹریز لگانا چاہتے ہیں مگر بجلی کی وجہ سے نہیں لگا سکتے،بجلی کے منصوبے دیکھیں گے تو خود بخود اپنے کارخانے لگائیں گے ، پورٹ قاسم میں بجلی کا کارخانہ لگ رہا ہے ، تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا کی جارہی ہے سکی کناری میں 840میگاواٹ کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے ، تھر کا منصوبہ 2000 میگا واٹ تک جائے گا ، ہم ایل این جی پر 3600 میگاواٹ کے منصوبے لگا رہے ہیں ، گیس کی پائپ لائن گوادر سے لے کر نوابشاہ تک بچھے گی بڑے بڑے منصوبے بنیں گے ، کاشغر سے گوادر تک موٹروے اور کراچی لاہور موٹروے بھی بنے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم نے کچھ منصوبے شروع کئے کچھ شروع ہونے والے ہیں ان تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کریں گے ، پاکستان میں بجلی و گیس کی کمی ختم ہو گی ،دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا ۔انھوں نے کہا کہ فاٹا کے جن علاقوں سے دہشتگردی ہو رہی تھی اس علاقے کو پاک کر کے دوبارہ بے گھر افراد واپس جانے شروع ہو گئے ہیں ، اللہ تعالی ٰ نظر بد سے بچائے یہ ملک وقوم کے لئے بڑی کامیابی ہے ،فوج مبارکباد کی مستحق ہے ، سیاسی و فوجی قیادت نے ضرب عضب آپریشن مل کر شروع کیا اب ملک میں امن قائم ہو رہا ہے ہم اپنے ملک کے اند ر اور باہر امن چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں افغانستان کے اپنے تعلقات بہتر بنائے دونوں ممالک مل کر کوشش کررے ہیں کہ اس خطے کو دہشتگردی سے پاک کیا جائے کراچی میں چھوٹے موٹے سیاسی حا لات کو ایک طرف رکھیں ،مجموعی طور پر کراچی کے حالات پہلے سے کہیں بہتر ہو چکے ہیں ، کراچی روشنیوں کا شہر بنے گا ، بھتہ خوری کا عملاً خاتمہ ہو چکا ہے ، کراچی میں بس سیاسی حالات بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سستی بجلی بنانے کے ساتھ ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ بجلی عام لوگوں تک کم قیمت تک پہنچے۔ مجموعی طور پر 5.79پیسے فی یونٹ قیمت میں کمی ہوئی جس کا کریڈٹ ہماری حکومت کو جاتا ہے لیکن میڈیا کی اس طرف توجہ نہیں کیو نکہ وہ دوسرے کاموں میں مصروف رہتا ہے ، میڈیا کو اس پر توجہ دینی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سولر پراجیکٹ پر تین ہزار افراد کام کرتے رہے ہیں مستقل طور پرآٹھ سو افراد کام کریں گے یہ سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں ان تمام لوگوں کے لئے دوکروڑ روپے کے انعام کا اعلان کرتا ہوں ، نجم شاہ تغمہ خدمت کے مستحق ہیں ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے ۔انھوں نے کہا کہ ،2018سے پہلے پہلے لوڈ شیڈنگ سمیت پاکستان کے بنیاد ی مسائل ختم ہو جائیں گے ، اس کے لئے ہمیں دن رات محنت کرنا پڑی تو کریں گے اس میں کوئی ہمارا ذاتی مفاد نہیں صرف پاکستان کی خاطر سب کچھ کرنے کو تیارہیں ۔

مزید : صفحہ اول