نواز شریف‘ حکومت کے دن گنے جا چکے ہے ‘ جلد دھڑن تختہ ہو گا ‘ سراج الحق
شبقدر (اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وفاقی حکومت کی گزشتہ دو سال کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی حکومت کے ہنی مون کے دن گنے جاچکے ہیں جلد دھڑن تختہ ہونے کو ہے ،گزشتہ دو برس میں نہ تو ملک کی ترقی اور نہ ہی غریبو ں کی خوشحالی کیلئے کوئی اقدام کیا گیا ہے نہ کوئی منصوبہ بنایا گیا ہے۔عوام اب حکمرانوں کے چہرے دیکھ دیکھ کر تنگ آچکے ہیں ،ہم پوچھتے ہیں کہ حکومت آخر عوام کے مسائل کب حل کریگی ،وفاقی حکومت کاشغر گوادر روٹ کو متنازعہ نہ بنائے اور قومی قیادت کو اس پر اعتماد میں لے ،خواتین کی ترقی کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی ،ملک بھر کے غریبوں اور مزدوروں کو متحرک کرکے ملک میں مزدور راج قائم کرونگا،محنت غریب مزدور کرتا ہے اور مزے سرمایہ دار کرتا ہے ظلم کے اس نظام کو مزید نہیں چلنے دیں گے،خیبر پختونخوا میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے نشان پر مہر لگاکر اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں ، گیس ، اور روزگار کے مسائل کیا قیامت کو حل ہوں گے؟ ملک پر صرف دو جماعتوں مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے لیکن ان دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ غریب باہر سے کما کر ملک میں پیسے لاتا ہے اور حکمران عوام کے پیسے لوٹ کر باہر کے ممالک میں منتقل کرتے ہیں۔ 68سال سے ملک پر انگریزوں اور امریکہ کے وفاداروں کی حکومت رہی ہے ۔ وطن سے محبت صرف غریب کرتا ہے اور وہی اس کے لئے خون بہاتا ہے۔ عوام غربت ، جہالت اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ اگر عوام نے ساتھ دیا تو پانچ خطرناک بیماریوں کا مفت علاج کریں گے۔ تیس ہزار سے کم آمدنی والے عوام کو بنیادی ضروریات پر سبسڈی دیں گے۔ خواتین کو ان کے بنیادی حقوق دیں گے۔ عورت کو چوک اور چار دیواری کی زینت بنانے کے بجائے ان کو تعلیم اور ملازمتوں میں حق دے کر ترقی یافتہ بنائیں گے۔ اگر خواتین ترقی کریں گی تو قوم ترقی کرے گی۔ 30مئی خوانین اور جاگیر داروں کے لئے یوم الحساب ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شبقدر پارک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان،صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈوکیٹ ، ضلعی امیر مصباح اللہ، سیکرٹری جنرل ملک سجاد احمد ، تحصیل شبقدر کے امیر قاری شفیع اللہ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ جلسہ عام میں قومی وطن پارٹی ،پاکستان پیپلز پارٹی جے یوآئی ف ،مسلم لیگ ن ،اور پاکستان تحریک انصاف کے 49 سرکردہ رہنماؤں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی کے لئے چھیالیس ارب ڈالر کا منصوبہ پیش کررہا ہے لیکن حکومت نے اس پر کسی سے کوئی مشاورت نہیں کی اور اسے متنازعہ بنایاجارہا ہے۔ حکومت فوری پر اس منصوبے کے لئے مشاورت کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ آج غریب کی بات کرتے ہیں انہوں نے ایک رات بھی غریب کے ساتھ نہیں گزاری