آئل ٹینکر ری فل کرتے ہوئے سپارک کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی
لاہور(کرائم سیل) مغلپورہ کے علاقہ میں آئل ٹینکر ری فل کرتے ہوئے موٹر سائیکل کے سپارک کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی ،ٹینکر ڈرائیور نے جان پر کھیل کر پٹرول پمپ بچا لیا۔ذرائع کے مطابق مغلپورہ پل کے پاس واقع نجی کمپنی کے پٹرول پمپ میں گزشتہ روز ایک آئل ٹینکر پٹرول ری فل کر رہا تھا جبکہ پٹرول پمپ کا عملہ گاڑیوں میں پٹرول بھی ساتھ ساتھ ڈال رہا تھا۔اتنے میں ایک شہری کی موٹر سائیکل سے سپارک کی وجہ سے ٹینکر نے آگ پکڑ لی ۔ٹینکر ڈرائیور جان پر کھیل کر ٹینکر کو سڑک پر لے آیا جس کی وجہ سے پٹرول پمپ نے آگ نہیں پکڑی۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔