ساہیوال امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی ہائی الرٹ

ساہیوال امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی ہائی الرٹ

 ساہیوال(بیورورپورٹ) ضلع ساہیوال میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ساہیوال کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگا دی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ادریس احمد نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے لیے موجودہ حالات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع بھر کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بریفنگ دی اور کہا کہ دہشت گردوں ، ملک دشمنوں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ہونے والے جرائم کا سائنسی خطوط پر تجزیہ کیا جس کے دوران نہ صرف زیادہ جرائم والے علاقوں کی نشاندہی کی گئی بلکہ جرائم کے اوقات کار اور مجرموں کے طریقہ واردات کا بھی جائزہ لیا گیا اور مذکورہ تجزیہ کی روشنی میں زیادہ جرائم والے علاقوں میں ناکہ بندیاں اور موثر گشت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وہاں اضافی نفری بھی تعینات کی ہے۔یہی وجہ ہے کہ جرائم کے خاتمے اور عوام میں احساس تحفظ پیداکرنے اور امن وامان کے قیام کے لیے مذکورہ مثبت اقدامات کی بدولت مختلف جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر مجرمان اشتہاری کی گرفتاری اور سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع پولیس کا آپریشن جاری ہے اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جرائم میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید : علاقائی