تھانہ فیکٹری ایریا میں سائلوں سے پارکنگ ٹیکس وصول کرنیکا الزام

تھانہ فیکٹری ایریا میں سائلوں سے پارکنگ ٹیکس وصول کرنیکا الزام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(بلال چودھری)تھانہ فیکٹری ایریاکے ایس ایچ او حسین حید ر شاہ نے تھانے میں آنے والے فریادیوں سے پارکنگ کی مد میں " ٹیکس "لینا شروع کر دیا۔موٹر سائیکل پارک کرنے کے 20اور گاڑی کے 40روپے وصول کر کے 15ہزار ماہانہ کمائی شروع کر دی۔اعلیٰ حکام معاملے کا نوٹس لیں ،اہل علاقہ کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا صوبائی دارالحکومت کے گنجان ترین آبادیوں والے تھانوں میں سے ایک ہے جس کی حدود میں لاکھوں شہری رہائش پذیر ہیں ۔نمائندہ" پاکستان" سے گفتگو کرتے ہوئے تھانہ فیکٹری ایریا کے رہائشیوں نے بتایا کہ ایس ایچ او فیکٹری ایریا حسین حیدر شاہ کی جانب سے تھانہ کے باہر پارکنگ میں موٹر سائیکل کے 20روپے اور گاڑی کے 40روپے وصول کئے جا رہے ہیں ۔جب بھی کسی معاملے میں ہمیں تھانہ جانا پڑتا ہے تو یہ جگا ٹیکس دینا پڑتا ہے جبکہ محرر اور دیگر عملہ کے عدم تعاون کی وجہ سے ہمیں ایک پورٹ درج کروانے کے لیے کئی کئی چکر لگانے پڑتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تھانہ میں پارکنگ کے لیے وسیع جگہ موجود ہے جہاں پر سائل اپنی سواریاں پارک کر سکتے ہیں لیکن محض سیکیورٹی کے نام پر تھانہ کی اصل پارکنگ کو بند کر کے ہمیں فٹ پاتھ پر بنی پارکنگ میں گاڑیاں پارک کرنے اور نا مناسب پارکنگ فیس بار با ر ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہ لاہور بھر میں پارکنگ سٹینڈز لاہور پارکنگ کمپنی کے انڈر ہیں لیکن یہ سٹینڈ نہیں ہے ۔پارکنگ کی پرچی پر کسی کمپنی کا نام بھی نہیں لکھا ہوا ۔اس حوالے سے تھانہ فیکٹری ایریا کی پارکنگ میں کام کرنے والے شخص محمد ارشد کا کہنا تھا کہ یہ پارکنگ ایس ایچ او صاحب کے کہنے پر لگائی گئی ہے اور اس کے پیسے بھی ایس ایچ او صاحب کو روزانہ کی بنیادوں پر دیئے جاتے ہیں جبکہ ایس ایچ او حسین حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ پارکنگ میں آدمی اس لیے موٹر سائیکلوں کی حفاظت کے لیے موجود ہے کہ کسی کی موٹر سائیکل تھانہ کے سامنے سے چوری نہ ہو جائے ،وہ میری اجازت سے وہاں پیسے وصول کر رہا ہے۔

مزید :

علاقائی -