ہائی کورٹ :ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس ایک مجرم ضمانت پر رہا
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے ٹیپو ٹرکاں والا قتل کے مقدمہ میں سزا پانے والے قیدی کو 5لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور مسٹر جسٹس مظہر اقبال سدھو پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مجرم حسن شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اعظم نذیر تاررڑ نے موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے دسمبر 2014ءمیں درخواست گزار حسن شاہ عمر قید کی سزا کا حکم سنایا ہے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے 2010ءمیں ٹیپو ٹرکاں والے کو دبئی سے آتے ہوئے لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کرنے کے الزام میں درخواست گزار کو گرفتار کر کے چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کو ایف آئی آر میں نامزد نہ ہونے کے باوجود عمر قید کی سزا کا حکم سنایا ہے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مجرم کی سزا کے خلاف اپیل زیر التواءہے،درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے حسن شاہ کو ٹھوس شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں عمر قید کی سزا کا حکم سنایا ہے، انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ موقع سے برآمد کیا جانے والا پستول مجرم حسن شاہ ہے اور فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں مذکورہ پستول سے فائر ہونا ثابت ہو چکا ہے ،ٹرائل کورٹ نے مجرم کو میرٹ پر عمر قید کی سزا کا حکم سنایا ہے ، مجرم کی درخواست ضمانت خارج کی جائے، دو رکنی بنچ نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس میں سزا پانے والے قیدی کو 5لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔