پی یو نے انٹر یونیورسٹی ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ جیت لی

پی یو نے انٹر یونیورسٹی ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ جیت لی

  

لاہور(اے پی پی ) پنجاب یونیورسٹی نے فائنل میں کراچی یونیورسٹی کو شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ انٹر یونیورسٹی ویمن ٹیبل ٹینس چمپئن شپ جیت لی۔ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام کھیلی گئی چمپئن شپ میں ملک بھر سے پندرہ یونیورسٹیز کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل میں نیشنل ٹیبل ٹینس کوچ صباء وارث کی زیر نگرانی پنجاب یونیورسٹی نے کراچی یونیورسٹی کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے سنگل میں پنجاب یونیورسٹی کی آمنہ جبیں نے کے یو کی انعم کو 3-0 سے ہراکر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی جسے کے یو کی عتیقہ نے فاطمہ جبیں کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرا کر ختم کردیا۔ تیسرے سنگل میں پی یو کی نازیہ نے کے یو کی قرعۃ العین کو 3-0 سے ہرا کر اپنی ٹیم کو دوبارہ سبقت دلائی جبکہ چوتھے سنگل میں پی یو کی آمنہ جبیں نے کے یو کی عتیقہ کو 3-0 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ قبل ازیں سیمی فائنل میں پنجاب یونیورسٹی نے آئی بی اے یونیورسٹی کراچی کو 3-0 جبکہ کراچی یونیورسٹی نے اقراء یونیورسٹی کراچی کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -