بچو ں کو صحت مند مستقبل دینا حکومت کی ذمہ داری ہے

بچو ں کو صحت مند مستقبل دینا حکومت کی ذمہ داری ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بچوں کو ایک صحت مند اور روشن مستقبل دینا حکومت اور معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور مائیں اپنے بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما اور انہیں سٹنٹنگ سے بچانے کے لئے اپنا دودھ پلائیں اور حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور کروائیں تاکہ مستقبل میں صحت مند افراد تیار ہوں جو ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں اپنی کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے یہ بات آج مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ اور نیوٹریشن پروگرام کے زیر اہتمام الحمراء آرٹ گیلری میں نومولود بچوں کی صحت کے لئے ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے پینٹنگزکی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار حسین سید، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اختررشید ، ڈاکٹر ذوالفقار علی، یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے علاوہ تصویری نمائش کے مقابلے میں حصہ لینے والے نوجوان آرٹسٹوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اختر رشیدنے بتایا کہ چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے زیر اہتمام نیوٹریشن ویک منایا گیا جس کے دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز نے گھر گھر جا کر 13لاکھ بچوں کی سکریننگ کی اور بڑے شہروں کے مضافاتی علاقوں اور جھگیوں میں جا کر خواتین کو صفائی، حفظان صحت کے بارے ہیلتھ ایجوکیشن دینے کے علاوہ انہیں وٹامن کی گولیاں، بچوں کے لئے تیار خوراک کے پیکٹ تقسیم کرنے کے ساتھ 70ہزار سے زائد بچوں کی رجسٹریشن کی جو نیوٹریشن سینٹرز پر علاج اور خوراک کے بارے سہولیات سے استفادہ کریں گے ۔ ڈاکٹر مختار حسین سید نے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ماں بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کے لئے حفظان صحت پر عمل اور بریسٹ فیڈنگ کو فروغ دینا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے واضح اعلان کیا کہ مدر اینڈ چائلڈ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو بند نہیں کیا جارہا اور اس حوالے سے غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔