کے پی میں پی ٹی آئی کی پالیسیاں کامیابی سے جاری ہیں،یاسر گیلانی
لاہور( نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت کی عوامی پالیسیاں کامیابی سے ہمکنار ہو رہی ہیں۔ تعلیم اور صحت میں اصلاحات کے بعد خیبر پختونخواہ میں بلین ٹری پروجیکٹ نے پاکستان کیلئے مثال قائم کی ، اپنے دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے بعد پورے پاکستان میں درخت لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے ،بلین ٹری منصوبے پر خیبرپختونخوا کو عالمی سطح پر سراہا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا مسئلہ تشویش ناک صورت حال اختیار کر چکا ہے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہو گا جس کی عالمی رپورٹ میں بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ ملک و قوم کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔