قوم کرپشن کا ناسور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا فیصلہ کر چکی ہے،مسرت جمشید چیمہ

قوم کرپشن کا ناسور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا فیصلہ کر چکی ہے،مسرت جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف لاہور کی نائب صدر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ قوم اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا اٹل فیصلہ کر چکی ہے ، پسے ہوئے طبقات حکومت کی ترجیحات میں ہی شامل نہیں ، سرکاری ہسپتالوں ‘ سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کی بجائے مفت انٹر نیٹ سروس جیسے منصوبے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔حلقہ این اے 124میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام پانامہ زدہ حکمرانوں کو اپنا واضح فیصلہ سنا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ضد او رہٹ دھرمی چھوڑنے کو تیار نہیں ۔ عوام کی عدالت میں سرخرو ہونے کے دعوے کرنے والے احتساب کے لئے تیار رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی بھی ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت نہیں کی بلکہ ہمیشہ ترجیحات پر بات کی ہے ۔ پنجاب میں عوام کو صحت ، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کی بجائے نمائشی منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے۔ حکمران بتا دیں کہ سرکاری سکولوں ، ہسپتالوں میں سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں کہ اربوں ڈالر کے ادھار سے اورنج ٹرین کا منصوبہ اور چوکوں چوراہوں میں مفت انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کارکن آئندہ عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کریں اس مرتبہ کسی کو دھونس اور دھاندلی نہیں کرنے دیں گے ۔