وزیر اعظم آرمی چیف کی ملاقات ، ڈان لیکس تنازع حل ، نیا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی یقین دہانی

وزیر اعظم آرمی چیف کی ملاقات ، ڈان لیکس تنازع حل ، نیا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان گزشتہ رات ملاقات ہوئی جس دوران ڈان لیکس سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی ہے۔ ملکی نجی ٹی وی چینلز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونیوالی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس دورا ن آرمی چیف نے وزیراعظم کو ڈان لیکس کی رپورٹ پر جاری نوٹیفکیشن پر تحفظات سے آ گاہ کیا جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے تمام تحفظات دور اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا یقین دلایا ۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالی اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے بھی ملاقات کی جس میں ڈان لیکس نوٹیفکیشن اور ملکی سلامتی سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی اور وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو ڈان لیکس کی رپورٹ پر نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق ضروری ہدایات دیں جبکہ ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہے والی ملاقات میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے وزیر اعظم نواز شریف کو ڈان لیکس کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن کے مندرجات سے آگاہ کیا اورانہیں اعتماد میں لیا۔واضح رہے ڈان لیکس پر کمیٹی کی سفارشات پر جاری ہونیوالے نوٹیفکیشن کو پاک فوج کی جانب سے مسترد کیا گیا تھا اور آئی ایس پی آر نے یہ پیغام ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری کیا تھا جس کے بعد چوہدری نثار نے بھی پریس کانفرنس کی تھی۔گزشتہ روزآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حیدر آباد گیریژن کا بھی دورہ کیا،انھیں حیدر آباد گیریژن اور تھر سے متعلق آپریشنل و انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی آئی ایس پی آر کے مطابق حیدر آباد گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ نے آرمی چیف کااستقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو حیدر آباد گیریژن اور تھر سے متعلق آپریشنل و انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی آرمی چیف کو بتایا گیا کہ14ء سے اب تک ایک لاکھ 90ہزار خاندانوں میں مسلسل اقدامات کے تحت چار ہزار ٹن راشن تقسیم کیا جا چکا ہے،تھر میں طبی کیمپوں سے ایک لاکھ 61ہزار مریضوں کو طبی امداد دی گئی ہے، پاک فوج کے تعاون سے چھ لاکھ آبادی اور سات لاکھ لائیو سٹاک کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا، آرمی چیف نے پاک فوج کی عوامی منصوبوں میں خدمات کو سراہا تے ہوئے کہا کہ فوج کو پورے ملک میں پاکستانی عوام کی لگاتار خدمات کی فراہمی کیلئے نیشن بلڈنگ پراجیکٹس پر فخر ہے ، آرمی چیف نے حیدرآباد گریژن کے افسروں اور جوانوں سے بھی خطاب کیا۔

مزید :

صفحہ اول -