جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے ، پاک افغان تجارت بڑھانے کیلئے مزید روابط استوار کرنا ہونگے : اسحاق ڈار
یوکوہاما(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے پاکستان اور افغانستان کو دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے مزید روابط استوار کرنیکی ضرورت ہے۔گزشہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے افغان نائب وزیر خزانہ نے جاپان کے شہر یوکوہاما میں ملا قات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوااور افغانستان میں پاکستان کی مدد اورمعاونت سے جاری مختلف ترقیاتی منصو بو ں پر کام کی رفتار تیز کرنیکی درخواست کی جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا پاک افغان مشترکہ اقتصادی کمیشن کااجلاس امسال ہو گا۔بعدازاں اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیساتھ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈارکا کہنا تھا پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے نجی شعبہ کیساتھ مل کر عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، اقتصادی لیڈرز کے باقاعدہ اجلاس میں رکن ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں انہوں نے حکومت کی خریداری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیااورکہا حکومت اقتصادی ترقی کے عمل میں نجی شعبہ کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا اوپن گورنمنٹ کی جانب تمام اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں معلومات کے تبادلے اور شفافیت کو یقینی بنایا گیاہے ۔ اسحاق ڈار نے کہاسارک خطے کے ممالک کی آپس میں تجارت موجود صلاحیت سے بہت کم ہے اسلئے سافٹا کے تحت آزادانہ تجارت کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء پارلیمانی سٹیٹ سیکرٹری ہانس جوہن فیوچٹل کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے جرمن وفد سے انکا کہنا تھا جرمنی یورپی یونین میں پاکستان کاسب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے ، جرمنی کو پاکستان میں سرمایہ کاری دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے جرمنی کی پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں بالخصوص توانائی ، صحت ، تعلیم ، گورننس ، پائیدار ترقی اور مائیکروفنانس میں مسلسل تعاون کو بھی سراہا ۔اس موقع پر جرمن وفد کے سربراہ نے پاکستان کو ایشیاء بحرالکاہل کلائیمیٹ فنڈ میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کلائیمیٹ رسک انشورنس میں تعاون کی پیش کش بھی کی، بعد ازاں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے ایک وفد سے ملاقات کی اوراوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار کو سراہا۔ واضح رہے وفاقی وزیر خزانہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے سلسلہ میں جاپان کے دورے پر ہیں۔
اسحاق ڈار