شہباز شریف کا پسرور میں گندم خریداری مرکز پر چھاپہ ، کاشتکاروں کو چکر لگوانے پر اظہار برہمی

شہباز شریف کا پسرور میں گندم خریداری مرکز پر چھاپہ ، کاشتکاروں کو چکر لگوانے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو گندم خریداری مراکز کے باربار چکر لگوانے والے عملے کو کسی صورت برادشت نہیں کروں گا،گندم کے خریداری مراکز کاشتکاروں کی سہولت کیلئے بنائے گئے ہیں نہ کہ انہیں چکر لگوانے کیلئے،میں کاشتکاروں کو دھکے کھاتا نہیں دیکھ سکتا اورکاشتکاروں کیساتھ گندم خریداری مراکز پر ایسا سلوک کرنیوالے عملے کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پسرورکے علاقے پورب کلےئر میں گندم خریداری مرکز پر اچانک چھاپہ مارا۔وزیر اعلیٰ بغیر پیشگی اطلاع اور بغیر پروٹوکول گندم خریداری مرکز پہنچے،وزیراعلیٰ نے گندم خریداری مرکز پرگندم خریداری مہم 2017کا جائزہ لیااور گندم خریداری مرکز پر کاشتکاروں کو فراہم کی جانیوالی سہولتوں کا معائنہ کیااورگندم خریداری مرکز پر موجودکاشتکاروں سے ملاقات کی اور کاشتکاروں سے خریداری مرکز پر فراہم کی جانے والی سہولتوں اور عملے کے رویے کے بارے دریافت کیا ۔ وزیراعلیٰ نے باردانہ کی تقسیم کے عمل کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا اور باردانہ کی تقسیم کے رجسٹرکو چیک کیا۔وزیراعلیٰ نے باردانہ کے گوداموں کا بھی دورہ کیا اورموقع پر ہی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیر اعلیٰ نے گندم خریداری مرکز کے دورے کے دوران بعض کاشتکاروں کی جانب سے تیسری بار چکر لگوانے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے خریداری مرکز کے عملے کی سرزنش کی اور عملے کے کاشتکاروں کے ساتھ رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کاشتکاروں کی شکایات پر گندم خریداری مرکز کے عملے کیخلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شفاف اوربلاامتیاز انکوائری کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی کاشتکار کا استحصال نہیں کرسکتااور میں نے پہلے بھی کاشتکاروں کی خدمت کی ہے اورآئندہ بھی کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کی فہرستوں اوررجسٹر میں درج اعدادو شمارکو بھی چیک کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کے متعدد امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہزاروں ایکڑ اراضی پر قائداعظم ایپرل پارک کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے اور صنعتی ، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کی تکمیل سے ٹیکسٹائل وگارمنٹس سیکٹر فروغ پائے گااور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔وزیراعلی نے منصوبے کے بعض امور پر پیشرفت میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔دونوں ملکوں کو تجارت اور معیشت کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیونے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ بھی پاکستان سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔دریں اثناء سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن نے بھی وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،کوڑا کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے ،روڈ سیفٹی،گاڑیوں کی انسپکشن وسرٹیفکیشن،ڈرائیونگ ٹریننگ سکول اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں ۔سویڈن کے سرمایہ کارکوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہیں۔
شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -