لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا 95 واں فاؤنڈرز ڈے
لاہور(لیڈی رپورٹر )لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا 95 واں فاؤنڈرز ڈے شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس ضمن میں ایک تقریب لاہور کالج کے سیمینار ہال میں ہوئی جس میں وائس چانسلر ڈاکٹررخسانہ کوثر،سیکریٹری ایل سی اے اور فیکلٹی ممبرز نے شرکت کی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر صبیحہ منصور نے کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا شمار ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ ملک کے طول و عرض سے طالبات یہاں داخلے کی خواہش مند ہوتی ہیں۔ جس کا ثبوت یہاں کا ہائی میرٹ ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے میرٹ پر آنے والی ہر طالبہ کو داخلہ دینا یونیورسٹی وژن کا حصہ ہے۔ محدود مالی وسائل رکھنے والے ذہین طالبات کیلئے سٹوڈنٹ انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ بشریٰ اعتزازنے کہا کہ یونیورسٹی کی بہتری کیلئے ہر پراجیکٹ میں ایل سی اے ایک بھرپور کردارادا کر ے گی۔ انہوں نے یونیورسٹی انڈوومنٹ فنڈ کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
تقریب میں رجسٹرار نوشابہ فاروق، انچارج بینظیر بھٹو چیئر منیزہ ہاشمی،صائمہ اصغر ریاض، پروفیسر رفعت ثقلین، انکسار نواز، مسرت حسین، ڈاکٹر کوثر جمال چیمہ، شیریں اسد، فائزہ لطیف اور دیگر ایگزیکٹیو ممبرز نے شرکت کی۔