نیب بدعنوان عناصر کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہا ہے: قمر زمان چودھری

نیب بدعنوان عناصر کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہا ہے: قمر زمان چودھری

  

اسلام آباد (این این آئی)نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوان عناصر کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپناتے ہوئے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہا ہے ٗ نگرانی اور جائزہ نظام سے کارکردگی اور حاصل کردہ نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے نتائج اور اثرات سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے۔ جمعہ کو چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا جس میں نیب کے نگرانی اور جائزہ نظام (مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن) پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران چیئرمین نیب کے مشیربرائے ایم ای ایس نے نیب کے نگرانی اور جائزہ کے نظام کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل میں اس کے اثرات سے متعلق پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر نیب نے نگرانی اور جائزے کا جامع نظام مرتب کیا ہے جس میں شکایات جمع کرانے، شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری ، انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن مرحلہ اورعلاقائی دفاتر اور ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا ریکارڈ جمع کرنے سمیت مقدمے سے متعلق بریفنگ، فیصلے اور اس کے شرکاء کی فہرست اور وقت اور مقام کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو معیاری اور مقداری جائزے کے ذریعے سزا دینے کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن نظام کے کام کے طریقہ کار سے متعلق پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس پر نیب کے متعلقہ ونگز کی مشاورت سے عمل کیا جائے گا۔

چیئرمین نیب

مزید :

صفحہ آخر -