صوفیاء کا پیغام عام کر کے دہشتگردوں سے بدلہ لینا ہے :بلاول بھٹو زرداری

صوفیاء کا پیغام عام کر کے دہشتگردوں سے بدلہ لینا ہے :بلاول بھٹو زرداری

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سچ پیار اور محبت سے لوگوں کو اپنے قریب کیا لیکن بدقسمتی سے آج امن کی جگہ دہشت گردی نے لے لی اور اسی دہشت گردی کے ہاتھوں میں نے اپنی ماں کو بھی کھو دیاہے،دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے صوفیوں کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،دہشت گرد صوفیوں کے پیغام سے ڈرتے ہیں اس لیے درگاہوں پر حملہ کرتے ہیں،اسلام کے فروغ میں صوفیوں نے اہم کردار ادا کیا، مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان صوفی آزم نے ہمیشہ پل کا کردار ادا کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں تیسری عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دو روزہ بین الاقوامی صوفی کانفرنس سے وزیراعلیٰ سندھ ،پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور سینئروزیرنثاراحمد کھوڑو اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں صوبائی وزراء پارلیمنٹیرینز غیر ملکی سفارت کار اسکالرز اور عوام کی بڑی تعدادنے شریک کی۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ میں مہمانوں کو بین الاقوامی اسکالر کو کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ دنیا میں بہت ساری زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن صوفی ازم کی ایک ہی زبان ہے یہی صوفی ازم ثقافت اور مذاہب کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے دنیا میں امن کو عام کرنے میں اہم کردار ادار کیا اور اسلام کی ترویج میں ان کی قربانیاں سیکڑوں سال پر محیط ہیں انہوں نے سچ پیار اور محبت سے لوگوں کو اپنے قریب کیا لیکن بدقسمتی سے آج امن کی جگہ دہشت گردی نے لے لی اور اسی دہشت گردی کے ہاتھوں میں نے اپنی ماں کو بھی کھو دیاہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد صوفیوں کے پیغام امن سے ڈرتے ہیں اسی لئے انہوں نے مزاروں کو نشانہ بنانا شروع کیا اور لعل شہباز قلندر جیسی اعلی ہستی کے مزار کو بھی نشانہ بنا ڈالا لیکن ہم نے بزرگان دین کے پیغام کو عام کرکے دہشت گردوں سے بدلہ لینا ہے۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے صوفیوں کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزارت ثقافت کی جانب سے پروگرام کا انعقاد قابل ستائش ہے۔سندھ صوفیوں کی سرزمین ہیراچی:شاہ عبداللطیف بھٹائی ,سچل سرمست اور دیگر شامل ہیں۔صوفی ازم کا پیغام ہر مذہب اور زبان کے ماننے اور بولنے والے کے لئے ہے۔امن کا پیغام ،خوشبو اور پیار کا پیغام صوفی ازم پھیلاتا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔سندھ نے ہمیشہ امن کے فروغ کی بات کی ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -