گورنر سندھ سے مریم اورنگزیب کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

گورنر سندھ سے مریم اورنگزیب کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم صوبہ کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں جو کہ صوبہ کے عوام کے لئے خوش آئند ہے با الخصوص صوبہ میں انفرااسٹرکچر کی بحالی ،M-9 موٹروے ، حیدرآباد و جیکب آباد کے لئے ترقیاتی پیکج،ٹھٹھہ میں 500 بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر کا اعلان،ہیلتھ کارڈ ، کراچی میں فراہمی آب کا عظیم الشان منصوبہ K-IV ، گرین لائن منصوبہ وزیر اعظم کی جانب سے صوبہ کے عوام کے لئے زبردست تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ایک وژنری رہنما ہیں جو پاکستان کی خوشحالی کے لئے شب و روز مصروف عمل ہیں ،محکمہ اطلاعات کے ذریعہ ان کی موثر تشہیر بہت ضروری ہے تاکہ عوام ان کے بارے میں جان سکیں اس ضمن میں موثر تشہیر کے لئے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن بہت واضح ہے، وہ تمام علاقوں کی یکساں ترقی چاہتے ہیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -