سرکاری ملازمین کو آزاد ماحول فراہم کرنا گڈگورننس ہے:مظفر سید ایڈوکیٹ
پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سیاسی دباؤ سے آزاد ہو کر سرکاری ملازمین کو کام کرنے کا موقع دینا ہی گڈ گورننس ہے جبکہ سیاسی مداخلت سے سرکاری مشینری مزید پیچیدگی کا شکار ہو رجاتی ہے جس کے نتائج عوام کی خدمت اور ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں تبدیل شدہ سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ کے لئے الوداعی بیٹھک؍ پروگرام کے اہتمام کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر محکمہ خزانہ کے سابقہ سیکرٹری علی رضا بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹریز،ڈپٹی سیکرٹریز،ڈائریکٹرز اور جملہ اہلکار بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے سابقہ سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے تبادلے معمول کا عمل ہیں لیکن اچھا وقت گزار کر ٹرانسفر ہونا اعزاز کی بات ہے جس کے لئے میں علی رضا بھٹہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اس موقع پر سابق سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرا بطور سیکرٹری خزانہ تقریباً 2سال کا عرصہ ایک یادگار دور ہے جس کے لئے میں صوبائی حکومت ،محکمہ خزانہ اور عوام کابے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے انتہائی عزت سے نوازا اور بغیر کسی سیاسی دباؤ کے مجھے کام کرنے کا موقع دیا۔انہوں نے محکمہ خزانہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہاراور ترقی کی دعا بھی کی۔