سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کر کے فرائض کی ادائیگی میں آزادکیا:محمد عاطف خان

سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کر کے فرائض کی ادائیگی میں آزادکیا:محمد ...

  

مردان (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم ،توانائی وبرقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرکے ان کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں آزاد کردیا ہے جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور ان اداروں سے متعلق عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل ہورہے ہیں ۔ ریسکیو1122 کی کارکردگی قابل ستائش ہے جس کے اہلکاربہت اچھے انداز میں ہر ایمر جنسی کی صورت میں عوام کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں ۔وہ پارہوتی مردان میں ریسکیو1122 کے نوتعمیر شدہ سٹیشن(آفس) کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اورطارق آریانی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر سی اینڈ ڈبلیو کے نمائندے نے صوبائی وزیر کو عمارت میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ریسکیو سروسز کی تفصیل بتائی ۔ اپنے خطاب میں محمد عاطف خان اور مجاہد خان نے ریسکیو1122 مردان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عوام کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اس سروس سے رابطہ کرتے ہیں اور حوصلہ افزا امر یہ ہے کہ ریسکیو1122 کے اہلکار عوام کو مایوس نہیں کرتے اور فوری طور پر ان کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح مردان کی ترقی اور یہاں کے عوام کو تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں کی ضروری سہولیات کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے ۔،مردان خواتین یونیورسٹی میں کلاسز جاری ہیں اور سابقہ حکومت کی طرح ہم نے کسی بھی یونیورسٹی میں رشوت اور سفارش پر بھرتی نہیں کی اور وومن یونیورسٹی میں تمام بھرتیاں خالص میرٹ پر کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے گرلز کیڈت کالج نے مردان میں کام شروع کردیا ہے جہاں داخلے مکمل ہوچکے ہیں اور اسی مہینے اس میں کلاسز کا اجراء ہوگا ۔اسی طرح ایکول فاطمہ الفہری ماڈل گرلز سکول کا قیام بھی ہماری حکومت کا قابل فخر کارنامہ ہے ۔دی فضل حق کالج کے طرز پر یہ سکول صوبے کی باصلاحیت طالبات کو معیاری تعلیم کی سہولتیں فراہم کرے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ مردان میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کا سپورٹس سٹیڈیم تکمیل کے مراحل میں ہے اور اس کا شمار پاکستان کے بہترین سپورٹس سنٹر میں ہوگا۔جس سے صوبے بھر کے کھلاڑی استفادہ کریں گے ۔عاطف خان نے ایک ارب روپے سے مردان کا اپ لفٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جبکہ شہر میں تین فلائی اوورز کے لیے ایک ارب 72 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ نے مردان میں ایک مکمل انجنئرنگ یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے اور جلد ہی اسمبلی سے اس کے ایکٹ کی بھی منظوری لی جائے گی اور ہمارہ کوشش ہے کہ آئندہ تعلیمی سال سے یہاں بھی کلاسز کا اجراء ہو اس کے علاوہ سیکڑوں سکولوں کا درجہ بڑھانے کے ساتھ نئے سکول اور کالج بھی قائم ہورہے ہیں جس سے مخالفین کے منہ بند ہوگئے ہیں اور ترقی و خوشحالی کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے اور اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی ملکی سطح پر اکثریت حاصل کرکے تبدیلی کے اس عمل کا دائرہ اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں پورے ملک تک بڑھایا جائے گا ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -