گدھوں کی کھالوں کی اسمگلنگ ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کورٹ نے گدھوں کی کھالیں اسمگل کرنے میں ملوث 7ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 9مئی تک توسیع کردی ہے ۔جمعہ کو کراچی کی کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کورٹ میں گدھوں کی کھالیں اسمگل کرنے والے 7ملزمان فیصل ،احتشام احمد ،دانیال ،جمن ،فیصل ،ذیشان اور ایک چینی باشندے کو پیش کیا گیا ۔ملزمان کے قبضے سے کھالوں کی 592بوریاں برآمد ہوئی ہیں جن میں 4ہزار 736کھالیں موجود تھیں ۔دوران سماعت کسٹم حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے لہذا ان کے ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے ۔عدالت نے کسٹم حکام کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 9مئی تک توسیع کردی ۔