دبئی میں منعقدہ ایکسپو ٹوئنٹی 20 کی تیاریاں عروج پر ،پاکستانی تاجر برادری عالمی تجارت کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائے ،ہر قسم کی معاونت کریں گے:پاکستان بزنس کونسل دبئی
دبئی (طاہر منیر طاہر)دبئی میںاکتوبر 2020 میں منعقد ہونے والے ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘کی بڑے پیمانے پر تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں جس میں دنیا بھر سے 190 سے زائد ممالک شریک ہو ں گے ،6 ماہ جاری رہنے والی ایکسپو میں پاکستانی بزنس کیمونٹی بھی شرکت کرے گی ، ایکسپو انتظامیہ اور پاکستان بزنس کونسل دبئی نے ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ میں پاکستان کی تاجر برادری کی ہر ممکنہ معاونت کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بزنس کونسل دبئی ( PBC)نے ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ میں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کی شرکت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور لوگوں کی آگاہی کیلئے ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مقامی ہوٹل میں ایک تقریب منعقد کی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی تاجر برادری اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل کے صدر احمد شیخانی، خواجہ سکندر سلطان اور ایکسپو کی ٹیم کے ارکان ماہا القرقاوی، عائشہ، رابرٹ پلاٹ، ماہا حمید اور مسٹر ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ پوری دنیا کے لئے بزنس کے دروازے کھول رہا ہے۔ یہاں دنیا کے 192 سے زائد ممالک کے لوگ شرکت کے لئے آئیں گے۔ دنیا کے مختلف ممالک کے تاجر کو ایک چھت کے نیچے ملاقات کا موقع ملے گا جس میں وہ آپسی بزنس کو فروغ دیں گے، حکومت دبئی نے اس سلسلے کے تحت خاص اقدامات کئے ہیں تاکہ ملکوں کے مابین تجارت میں اضافہ ہو۔ مقررین نے کہا کہ ہم پاکستان کو بھی ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ میں پیش پیش دیکھنا چاہتے ہیں اور پاکستانی تاجروں کو ایکسپو میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر احمد شیخانی نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ میں لانے کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ایکسپو ٹوئنٹی 20 ‘‘ سے پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے لہٰذا تاجر حضرات کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی دلچسپی ظاہر کریں۔ا گر کسی کو ایکسپو کے سلسلے میں معلومات درکار ہوں تو وہ پی بی سی دبئی سے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ ایکسپو میں شرکت کے لئے آنے والوں کی ہر ممکن رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔