پی جی ایم آئی کے فرانزک میوزیم کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی

         پی جی ایم آئی کے فرانزک میوزیم کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی

  

 لاہور(سٹی رپورٹر) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں فرانزک میڈیسن کے شعبے اور انسانی جسم پر ضربات کے مشاہدے کےلئے قائم کیے گئے میوزیم کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی اور پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس شعبے میں کسی بھی قسم کی ضربات سے متاثرہ انسانی ہڈیوں ، میڈیکولیگل کیسز کی رپورٹ کی تیاری اور پوسٹ مارٹم کے حوالے سے مختلف انسانی اعضاءمیوزیم میں رکھے گئے ہیں تاکہ فرانزک ڈیپارٹمنٹ میں سپیشلائزیشن کرنے والے ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ تربیت ممکن ہو سکے اور وہ عملی مشاہدے کےلئے ان سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔اس میوزیم کے افتتاح کے موقع پر پی جی ایم آئی کے ہیڈ آف فرانزک ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرپرویز ظریف سمیت مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹوڈنٹس بھی موجود تھے جنہوں نے اس فرانزک شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

 پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹرمحمد طیب کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجرم تک پہنچنے کےلئے فرانزک میڈیسن کا شعبہ اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

 لہذااس شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز کو گہری دلچسپی لیتے ہوئے اعلیٰ درجے کی پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ مضروب کو انصاف دلانے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔ ڈاکٹر پرویز ظریف نے بتایا کہ اس میوزیم میں جدید سہولتوں سے آراستہ مختلف اشیاءرکھی گئی ہیں تاکہ ڈاکٹرز کو میڈیکولیگل رپورٹ بنانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو عملی تربیت فراہم کرنے کےلئے تمام وسائل برو¿ئے کار لائے جا رہے ہیں جو انہیں اُن کی پیشہ وارانہ زندگی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے میڈیکل سٹوڈنٹس کو تلقین کی کہ وہ بلا خوف و خطر میڈیکولیگل جاری کرتے ہوئے اپنی عملی زندگی سے انصاف کریں کیونکہ اس سے کسی کی زندگی اور انصاف کی فراہمی کا گہرا تعلق ہوتا ہے ۔          

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -