سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن کا اعلان قابل ستائش ہے‘ خوشحال خان

سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن کا اعلان قابل ستائش ہے‘ خوشحال خان

  

لاہور(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کا مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور خصوصاًنئے منصوبوں کیلئے مراحل کو آسان کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن کا اعلان قابل ستائش ہے،بیرون ممالک میں سرمایہ کاروں کو ہر سطح پر عزت اور احترا م دیا جاتا ہے جبکہ ہمارے منصوبے لگانے کے خواہشمند سرمایہ کار محکموں کے درمیان شٹل کاک بن کر رہ جا تے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والی معروف کاروباری شخصیت خوشحال خان نے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ حالات میں جن گھمبیر معاشی مسائل سے دوچار ہے اس سے چھٹکارا پانے کے لئے وسیع پیمانے پر مقامی او ربیرونی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کم از کم مہینے میں ایک بار ضرور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں تاکہ انہیں ان کے مسائل سے آگاہی حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں کام کرنے والے سرمایہ کاروں کو خصوصی ٹاسک اور اختیارات دے کر بیرون ممالک بھیجا جائے تاکہ وہ اپنے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کریں۔

اس کے علاوہ بیرون ممالک سفارتکاروں کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ مقامی سرمایہ کاروں کا ڈیٹا مرتب کریں اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی جائے جس سے ہم چند سالوں میں معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -