لاہورچیمبرکے مطالبہ پر لیسکو کا رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
لاہور(پ ر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی)لیسکو(نے رمضان المبارک کے دوران انڈسٹری کے لیے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر فاروق افتخار کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیاگیا۔ فاروق افتخار نے لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے بہت دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ صنعتی شعبہ معاشی ترقی کی کلید ہے اور اسے بجلی کی مسلسل سپلائی جیسے کاروبار دوست اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے درمیان بجلی کی مسلسل فراہمی صرف انڈسٹری ہی نہیں بلکہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے لیے بھی بہت بڑا ریلیف ہے۔ انڈسٹری کا پہیہ چوبیس گھنٹے چلنے سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار حاصل ہوگا۔