رضا باقر کا تقرر مفادات کاٹکراؤ، عالمی مندی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، عوام ریلیف سے محروم، اپوزیشن کی تنقید اسمبلی میں احتجاج کا فیصلہ 

رضا باقر کا تقرر مفادات کاٹکراؤ، عالمی مندی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، عوام ...

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے ریلیف سے عوام محروم، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم، موجودہ حکومت کے ساڑھے آٹھ ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے تک اضافہ ہوا۔عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم، پاکستان میں مہنگی ہوگئیں۔ اگست 2018ء سے مئی 2019ء تک پیٹرول 13 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا۔اگست 2018ء سے مئی 2019ء تک ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 38 پیسے فی کا اضافہ ہوا۔ ساڑھے آٹھ ماہ میں لائٹ ڈیزل 11 روپے 57 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا۔اگست 2018 سے مئی 2019ء تک مٹی کا تیل 12 روپے 81 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا۔ پٹرول کی قیمت 95 روپے 24 پیسے سے بڑھ کر 108 روپے 31 پیسے ہوگئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل 112 روپے 94 پیسے سے بڑھ کر 122 روپے 32 پیسے فی لٹر تک پہنچ گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لٹر قیمت 75 روپے 37 پیسے سے بڑھ کر 86 روپے 94 پیسے ہو چکی ہے۔ مٹی کا تیل 83 روپے 96 پیسے سے بڑھ کر 96 روپے 77 پیسے فی لٹر کا ہو گیا ہے۔اگست 2018 کی نسبت مئی 2018ء  میں خام تیل کی قیمت میں ڈیڑھ ڈالر کی کمی ہوئی۔ اگست 2018ء  میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 72 اعشاریہ 53 ڈالر فی بیرل تھی۔مئی 2019ء میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 70 اعشاریہ 85 ڈالر فی بیرل ہے۔ ساڑھے 8 ماہ میں پیٹرول پر سیلز ٹیکس ساڑھے 9 سے بڑھا کر 12 فیصد کر دیا گیا۔موجودہ دور حکومت میں مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس 6 سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا۔ ساڑھے 8 ماہ میں لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس ایک سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 22 فیصد سے کم کر کے 17 فیصد کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف قومی اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں پیپلزپارٹی نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر احتجاج کیا جائے۔ذرائع کے مطابق نئے گورنر اسٹیٹ بنک کی تعیناتی پر بھی احتجاج ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد مہنگائی میں اضافے کا معاملہ بھی اٹھایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے پہلے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی مشاورت کریں گی۔

عالمی منڈی 

 اسلام آباد، کوئٹہ،نارووال،مریدکے،فیروزوالہ (نمائندگان،نیوزایجنسیاں)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم اوربے حسی کی انتہا ہے، حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ ایک بیان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پرڈال رہی ہے۔بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بیرونی قرضوں کا بوجھ ٹیکسوں اور عوام پر ڈالنے سے باز رہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ سے گریز کرے ماہ صیام سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر حکومت نے عوام دشمنی کا ثبوت دے دیا ہے اور ایسا  لگ رہا ہے کہ یہاں پر حکومت نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی اجارا داری ہے اپنے جاری کردہ بیان  میں انہوں نے کہاہے کہ انتخابات سے قبل تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے حقیقی معنوں میں تبدیلی لاکر دی اوراب عوام سکون سے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انتخابا ت سے قبل جو وعدے کئے گئے تھے ان وعدوں میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے9 روپے 31 پیسے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے قوم کورمضان کی سلامی دی۔پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف 9 ماہ میں مہنگائی کا طوفان لے آئی، حکومت مہنگائی تو ختم نہ کرسکی،غریبوں کو ختم کرنے میں لگی ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہر چیز کی قیمت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ تحریک انصاف نے حسب وعدہ عوام کی چیخیں نکلوانا شروع کر دی ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں اضافہ فوری واپس لے، اس سے مہنگائی کا سونامی سب کچھ بہالے جائے گا، حکمران ہوش کے ناخن لیں، ایسا نہ ہو کہ مہنگائی کے ستائے لوگ رمضان میں ہی سڑکوں پر آجائیں۔مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی کا سونامی عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دے گاعمران خان غربت ختم کرنے کی بجائے غریب کو ختم کر رہا ہے قوم اس کے خلاف احتجاج کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام رمضان فوڈ پیکیج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف کوئی سزا نہیں ہے احتساب عدالت کی سزا اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے سے معطل ہو چکی ہے وہ اب پارٹی کا عہدیدار بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں،فردوس عاشق اعوان کے بیان کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے ابھی ہمارے ذہن میں یاد تازہ جب وہ زرداری کا دفاع کرتی تھیں اب وہ عمران خان کا دفاع کر رہی ہیں انہیں جو کہا جاتا ہے وہ بول دیتی ہیں۔سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے حاضر سروس ملازم کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنا شرمناک ہے،بیل آؤٹ پیکیج دینے والے مالیاتی ادارے کے ملازم کو گورنر سٹیٹ بینک تعینات کر دینا مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ ایک بیان میں انہوں ن ے کہاکہ یہ اقدام پاکستان کو عالمی مالیاتی سامراج کی نوآبادی بنانے سے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ بیل آؤٹ پیکج دینے والے مالیاتی ادارے کے ملازم کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کر دینا مفادات کا ٹکراؤ ہے،واضح ہے کہ مالیاتی ادارے کے ملازم کی وفاداری پاکستان کے ساتھ نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات شرمناک ہے کہ صوبائی وزراء خزانہ کو آئی ایم ایف کے درمیانی درجے کے ملازم کے سامنے پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ شرمناک ہے کہ وزراء کو اچھا رویہ برتنے کا کہا گیا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نئی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے بندے اب مشیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک ہیں۔مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نامزد چیئر مین رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قرض لینے پر خودکشی کو ترجیح دینے والی حکومت نے پورا ملک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے اور تجربہ کار ٹیم کے نعرے لگانے والے ہر ادارے میں امپورٹڈ افراد تعینات کرکے اپنی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ تعلیم یافتہ طبقے اور نوجوان نسل کو تبدیلی کا جھانسہ دے کر نا اہل ٹولے نے ملکی ترقی کو بیک گیئر لگا دیا ہے جس کو دبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے آنے والی حکومتوں کو سخت جدوجہد کرنا پڑے گی۔ 

اپوزیشن کا احتجاج 

مزید :

صفحہ اول -