سندھ ،ہزاروں افراد میں ایڈز کا خدشہ ،میر پور خاص میں 270مریض ،لاڑکانہ میں تعداد 157تک جاپہنچی
رتو ڈیرو ،میرپورخاص(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)ملک کے 23 بڑے شہروں میں ایڈز کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ڈائریکٹر نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق کراچی، لاڑکانہ، بنوں، جیکب آباد سمیت مختلف شہروں میں ایڈز تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ایچ آئی وی کے حوالے سے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے وفاقی حکومت کو رپورٹ ارسال کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ لاڑکانہ میں 9 روز کے دوران ایڈز کے 157 مریض ہو گئے ۔سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے 29 نئے کیس رجسٹرڈ کرلئے ہیں جبکہ دیہاتوں میں ایڈز کی اسکرینگ کا عمل جاری ہے۔اب تک 4102 افراد کے بلڈ نمونے حاصل کئے جا چکے ہیں۔127 بچوں اور 30 بڑے افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، یہ خصوصی کمیٹی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی معاونت کرے گی جب کہ کمیٹی میں ڈاو¿ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، ایس آئی یو ٹی کے ماہرین بھی شامل ہیں۔خصوصی کمیٹی ڈاکٹر مظفر گھانگرو سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔ پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایڈز کے مریضوں کی تعداد میںاڑھائی ہزار کا اضافہ ہونے کے بعد بڑھ کر23ہزار757ہوگئی ہے۔قومی ایڈز پروگرام کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان بھر میں ایڈز کے 15 ہزار 821 مریض مکمل طور پر علاج کروا رہے ہیں۔حیدرآباد میں بھی اس سال ایچ آئی وی کے 43نئے کیسز کا انکشاف ہوا ہے۔میرپور خاص ضلع میں ایچ آئی وی پازیٹو کے 270سے زائد کیسز کا انکشاف ہوا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور خاص عطا اللہ شاہ نے یہ انکشاف سول اسپتال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں ایچ آئی وی پازیٹو کے 270سے زائد کیسز جبکہ 6کیسز ڈسٹرکٹ جیل میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ منشیات زدہ علاقوں میں لوگ ایڈز کا شکار ہورہے ہیں، بدقسمتی سے لوگ ایچ آئی وی ٹیسٹ کیلئے سامنے نہیں آتے اور زبردستی کسی کے ٹیسٹ نہیں کرائے جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو خوفزدہ نہیں کرنا چاہتے۔
ایڈز مریض