بارشوں سے گندم کو نقصان کی حتمی رپورٹ مرتب کرنے کیلئے اجلاس آج ہو گا

 بارشوں سے گندم کو نقصان کی حتمی رپورٹ مرتب کرنے کیلئے اجلاس آج ہو گا

  

اسلام آباد ( آن لائن ) ملک میں بارشوں اور طوفان سے گندم کی فصل کو پہنچنے والے نقصان کی حتمی رپورٹ مرتب کرنے کیلئے وزارت فوڈ سیکیورٹی میں اعلیٰ سطحی اجلاس (آج) پیر کو وزیر فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان اور اور سیکرٹری وزارت ہاشم پوپلزئی کی زیر صدارت ہو گا، اجلاس میں ویٹ کمشنر امتیاز گوپانگ اور صوبائی خوراک محکموں کے اعلی حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں صوبائی محکموں کی طرف سے بارش اور طوفان سے گندم کی فصل کو ہونے والے نقصان سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی ، رپورٹ کو سامنے رکھتے ہوئے وزارت کاشتکاروں کے نقصان کے ازالے کیلئے سفارشات تیار کرے گی جو منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی۔تاہم اس حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کی طرف سے تیار کی گئی نقصانات کی رپورٹ نامکمل ہے اور صوبائی محکمے کے حکام نے ضلع بہاولنگر ،چشتیاں اور بورے والا کے علاقوں میں ان دیہاتوں کا نہ دورہ کیا اور نہ ہی ان کاشتکاروں سے ملاقات کی جن کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخر میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے بارشوں سے متاثر ہ علاقوں جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورے کئے تھے اس دوران صوبائی محکمہ زراعت کے حکام بھی خاصے متحرک رہے اور وفاقی وزیر کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں تو نقصانات کی رپورٹ تیار کرتے رہے جبکہ بہاولنگر میں گندم کے کاشتکار ان افسران کی راہ ہی تکتے رہ گئے۔کاشتکاروں کے مطابق معاوضہ ملنے بارے بے یقینی کی وجہ سے تاحال انہوں نے کپاس کی فصل کاشت نہیں کی ہے۔

اجلاس

مزید :

صفحہ آخر -