عوامی خدمت ہمارا منشور ، صوبے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل نہیں: شہرام خان ترکئی 

عوامی خدمت ہمارا منشور ، صوبے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل نہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ تحریک انصاف نے عوامی خدمت اور فلاح کو پارٹی منشور کا حصہ بنایا اور کرپشن کے خاتمے کے لئے حقیقی معنوں میں جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ باریاں لینے والوں اور ایزی لوڈ والی سرکار نے ذاتی مفاد اور ایجنڈے کو فوقیت دی تھی اور اپنی جیبیں بھرنے کے لیے عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میںیونین کونسل یارحسین کے موضع امان آباد میں بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مال شکیل خان، سینیٹر لیاقت خان ترکئی، ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی اور ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی ترکئی کے علاوہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور بڑی تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔ جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے ممبر ضلع کونسل صوابی حیات اللہ خمینی نے اپنے 5 سو سے زائد خاندانوں کے افراد دوستوں اور اے این پی کارکنوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ صوابی کی طرح پورے صوبے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا مستقبل تاریک ہے کیوں کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک کو سنجیدہ اور مخلص قیادت نہیں ملی تاہم اب عمران خان کی قیادت میں ملک تمام مشکلات سے گزر جائے گا اور ترقی کی منازل طے کرے گا۔ شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس وجہ سے عوام میں مایوسی پھیلا رہی ہے کیونکہ ان کی کئی عشروں کی لوٹ مار اور کرپشن کا احتساب ہو رہا ہے۔ انہوں نے صوابی کے شکست خوردہ عناصر کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی تحریک انصاف کی طرح یہاں بڑے ترقیاتی کام کرکے دکھائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یونین کونسل یارحسین میں بجلی کے کم وولٹیج کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرا دیا ہے جبکہ یہاں پر اسپتال روڈز، نئے فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور مساجد کی سولرائزیشن سمیت ٹیکنیکل کالج تعمیر کروایا ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو یہاں سے مینڈیٹ ملنے سے قبل یارحسین نظرانداز یونین کونسل تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین ترقیاتی کاموں میں ان کا مقابلہ کرکے دکھائیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ وہ صوابی کی ہر یونین کونسل بشمول یارحسین میں گرا¶نڈز تعمیر کروائیں گے جبکہ جلد ہی یہاں نادرا آفس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے اور جلد مکمل ہو جائے گا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال شکیل خان نے کہا کہ تحریک انصاف عوامی امنگوں کے مطابق ترقیاتی کام کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی ملک کی ساکھ بحال کر رہی ہے جو کہ گزشتہ ادوار میں سیاسی لٹیروں کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں عوام سے کئے تمام وعدے پورے کیے ہیں اسی وجہ سے یہاں کی عوام نے ہمیں پھر سے مینڈیٹ دیا اور ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو مسترد کردیا۔ صوابی کے عوام با شعور ہو چکے ہیں اور اب وہ سیاسی شعبدہ بازوں کے نرغے میں نہیں آئیں گے۔ جلسے سے سینیٹر لیاقت خان ترکئی، ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی، ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی ترکئی اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے اے این پی کے ممبر ضلع کونسل حیات اللہ خمینی نے بھی خطاب کیا۔ 

مزید :

صفحہ اول -