حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ جلد حل کرینگے : شوکت یوسفزئی 

حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ جلد حل کرینگے : شوکت یوسفزئی 

  

ٹانک ( نمائندہ پاکستان) خیبرپختونخواکے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ قومیں اور ملک مخلص اور دیانت دار لیڈر شپ کے بدولت ترقی پاتے ہیں۔ قائد اعظم کے بعد ملک کو صحیح لیڈر شپ نہیں ملی۔ زرداری اور نواز شریف کے دور حکومت میں ملک کرپشن کی وجہ سے 30ہزار ارب مقروض ہوا۔ عمران خان کے سخت اور درست فیصلوں کی وجہ سے ملک اب درست سمت میں جارہا ہے۔ ملک کو بین الاقوامی سطح پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے روزانہ سات ارب روپے سود واپس کر رہے ہیں۔ یہ قرضے عمران خان نے نہیں لیے تھے۔ ہم بھادر قوم ہے ہماری فوج پروفیشنل فورس ہے ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔بہت جلد اس مشکل حالات پر بھی قابو پا لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ٹانک کے دوران ٹانک ڈسٹرکٹ پریس کلب اور محسود پریس کلب میں مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹانک پہنچنے پر سینئر صحافی سیلاب محسود اور اسسٹنٹ کمشنر سروکئی یوسف علی نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائل ہمیشہ سے ہی محب وطن رہے ہیں قبائل اور صحافیوں نے بہت مشکل حالات دیکھے ہیں اور بہت قربانیاں دی ہیں۔ اب عمران خان کے ویژن کے مطابق قبائلیوں کے ترقی کا دور شروع ہو گیا ہے۔ عمران خان کو قبائل سے خصوصی لگا¶ ہے اسلئے ان کی ترقی پر سالانہ سو ارب روپے خرچ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قبائلی علاقوں میں معدنیات کے ذخائر موجود ہیں ان معدنیات کو قبائلی عوام کے بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔قبائلی اضلاع کی ترقی اور وہاں پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سیاحت کو فروغ دینگے کیونکہ پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کی بدولت امن آچکا ہے۔محسود پریس کلب کے حلف برداری تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ صحافیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ پریس کلبز کے مسائل مستقل طور پر حل کرنے کے لئے سالانہ گرانٹ کو یقینی بنانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ اور صحافیوں کے لیے میڈیا کالونیز کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ٹانک ڈسٹرکٹ پریس کلب اور محسود پریس کلب کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا اور جنوبی وزیرستان کے صحافیوں کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کالونی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

مزید :

صفحہ اول -