ملاکنڈ ڈویژن پر کسی قسم کا ٹیکس لاگو نہیں کرنے دینگے : مراد سعید
پشاور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید اور صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے سوات مٹہ نظر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن پر کسی قسم کا ٹیکس لاگو نہیں کرنے دیں گے ، بجلی زما مرضی زما کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا ہے ، وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق سوات کوبجلی فراہم کرے گی ، مٹہ اور کبل بجلی گرڈ اسٹیشن کی تعمیر سے بجلی سے متعلق مسائل کا خاتمہ ہو گا ، سیدو شریف ائیر پورٹ کو مزید اپ گریڈ کرکے انٹرنیشنل ائیر پورٹ بنائیں گے ، سوات موٹر وے کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا اور باغ ڈھیر· سوات تک اس کی توسیع کی جائے گی جس پر 57 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے تاکہ یہاں پر سیاحت کو فروغ مل سکے ، بچوں کیلئے کانجو ٹاﺅن شپ میں ہسپتال کے قیام سمیت تحصیل کبل اور مٹہ کیلئے عملی طور پر سوئی گیس فراہم کریں گے، صرف افتتاح سے کام نہیں چلائیں گے ،سوات میں وومن اور انجینئرنگ یونیورسٹیز قائم کی جائیں گی ،مٹہ میں خواتین کی سہولت کیلئے نادرا آفس قائم کیا جائیگا جس میں سٹاف بھی خواتین ہونگی ، وہ مٹہ سوات کے علاقہ نظر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ ، ضلعی محکموں کے سربراہان ، ڈی پی او سوات ، ڈپٹی کمشنر اور پی ٹی آئی کے ضلعی و مقامی عہدیداران بھی موجود تھے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو ترقی دینے کی بجائے اپنی جیبوں کو ترقی دیکر ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا ہے ہماری حکومت ملک اور عوام کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے ، ہماری حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو بتدریج پورا کر رہی ہے ہم نے سوات کے عوام سے جو وعدہ کیا تھا کہ بجلی ہماری مرضی ہماری وہ ہم نے پورا کرکے دکھایا ہے بجلی کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں اور سوات کو ضرورت کے مطابق بجلی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جتنے بھی مسائل ہے ان کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر سعودی حکام سے مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے بات کی جو پہلے کسی بھی حکومت نے نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ سوات کی تمام سڑکیں اور سکولز کو اسی دور حکومت میں مکمل کریں گے اور حائل تمام رکاوٹیں ختم کی جا رہی ہیں۔ ملاکنڈ ڈویژن پر کسی قسم کے ٹیکس کا نفاذ نہیں ہونے دیں گے ۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے جو ترقیاتی کام کئے ہیں اس کی نظیر 70 سالوں میں نہیں ملتی ، تحریک انصاف مڈل کلاس اور غریب عوام کی نمائندہ جماعت ہے ، زراعت ، لائیو سٹاک ، فشریز ، واٹر مینجمنٹ ، سائل کنزرویشن سے متعلق مسائل حل کئے جا رہے ہیں اور سوات سمیت پورے صوبے میں ان محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر ہو سکے ۔