ٹرانسفر اور پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہوتا ہے، سی سی پی او

ٹرانسفر اور پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہوتا ہے، سی سی پی او

  

لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کی طرف سے لاہور پولیس سے تبدیل ہونے اور نئے آنے والے افسروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں ڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق احمد خان، سمیت دیگر تمام اعلیٰ افسر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا کہ لاہور میں تعیناتی کے دوران تمام افسروں نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور جرائم میں نمایاں کامیابی میں پوری ٹیم کی شبانہ روز محنت کا عمل دخل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر اور پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہوتا ہے اور بطور افسر ہر پوسٹ پر اچھی کارکردگی دکھانے والا ہی کامیاب افسر سمجھا جاتا ہے پولیس کیرئیر میں تبدیل ہونے والے تمام افسروں کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ نئے تعینات ہونے والے افسر بھی عوام کے تحفظ کے لئے بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور لاہور پولیس کو ملک کی بہترین پولیس سروس بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ۔ نوتعینات شدہ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ان کے پیشرو ڈی آئی جی وقاص نذیر، سابق ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، ایس ایس پی منتظر مہدی، ایس پی سید علی، شہباز الہی اور علی وسیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز کی طرف سے سبکدوش افسروں کو شیلڈز بھی دی گئیں۔ 

مزید :

علاقائی -