ہاکی کی ترقی کیلئے سیاست ختم کرکے میرٹ کو فروغ دینا ہوگا، سلیم ناظم

ہاکی کی ترقی کیلئے سیاست ختم کرکے میرٹ کو فروغ دینا ہوگا، سلیم ناظم

  

اسلام آباد (این این آئی)پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری اؤلیمپیئن راؤ سلیم ناظم نے کہاہے کہ ملک میں قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلئے سیاست کو ختم کرکے میرٹ کو فروغ دینا ہوگا۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور یہ کھیل زیادہ تر 2008 ء سے زوال پذیر کا شکار ہوا ہے اس وقت پاکستان رینکنگ میں ساتویں یا آٹھویں پوزیشن پر تھا اور اولمپک میں شرکت کرنے کے بعد یہ کھیل ملک میں دن بدن تنزلی کا شکار ہوتا گیا۔

  انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بھاگ دوڑ ایسے لوگوں کے ہاتھ آ گئی جو اس کے اہل نہیں تھے۔

 بلکہ انہوں نے ضلعی سطح سے لیکر قومی سطح تک سیاست کو فروغ اور رنگ دیا، میرٹ کا کوئی خاص خیال نہیں رکھا گیا اور نہ ہی اس کھیل کی بہتری کے لئے کوئی کام کیا جس سے ملک میں ہاکی کا ٹیلنٹ ضائع ہوتا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیہاتی علاقوں میں اس وقت بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور بچے ہاکی بہت شوق اور جذبے کے ساتھ کھیل رہے لیکن ان کے کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ دنیا میں ہاکی تو آسٹروف پر کھیلی جارہی ہے اور یہ بچے ہاکی گراس پر کھیل رہے ہیں۔

  

راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ ملک میں ہاکی کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ آسٹروف ان علاقوں میں بچھائی جائے۔

ہاں باقاعدگی سے ہاکی زیادہ کھیلی جاتی ہو، ان میں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرہ اور بہاولپور جیسے شہر شامل ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی او سی کے مطابق حکومت کسی بھی کھیل میں مداخلت نہیں کر سکتی بلکہ فنڈز مہیا کرتی ہے لیکن حکومت کو یہ کریڈٹ ضرور جانا چاہئے کہ حکومت نے ہاکی کی ترقی کیلئے 2008 ء سے اب تک ایک ارب سے زائد رقوم فراہم کی لیکن ہاکی کی ترقی کے لئے ایمانداری کے ساتھ اقدامات نہیں کئے گئے اور جو لوگ کل تک کہا رہے تھے ہاکی میں بہت کرپشن کا بازار گرم ہے اور فنڈز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے عہدیداروں کے خلاف کرپشن کے نعرے لگا رہے تھے اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ہاکی میں کرپشن کے حوالے سے بات کرنے کا وقت مانگ رہے تھے وہ ہی لوگ آج کرسی کے لالچ کی خاطر سب اچھا کہتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بیٹھ گئے ہیں، قومی کھیل کی ترقی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ ہاکی میں سیاست کو ختم کرکے قومی سوچ کو اپنانا ہوگا، کھلاڑیوں کی سلیکشن اور دیگر فیصلے میرٹ کی بنیاد پر کرنے ہونگے۔ کرونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء بھی تو اللہ تعالی کی طرف سے ہے اس میں بھی شاہد کوئی بہتری ہو لیکن اس وباء نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس وباء سے بچانے کے لئے احتتاطی تدبیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور اپنی فزیکل فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے ورزش ضرور کریں اور اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور امن کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور وہ ہی کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب دنیا کے کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہونا شروع ہوجائیں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -