لاک ڈاؤن کھولنے کے فیصلہ سے عوام کو ریلیف ملے گا، اعجاز عالم
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے وزیراعظم عمران خان کیجانب سے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ عوامی سہولیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے لاک ڈاؤن مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ ہی اصل لیڈر میں پائی جانیوالی خصوصیات کا عکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کرنا پڑا،جس کی وجہ سے بالخصوص دیہاڑی دار اور چھوٹا طبقہ بہت متاثر ہوا مگر اب امید کی جا سکتی ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی ہوگی تاہم ہر شعبے کیلئے حفاظتی اقدامات پر مبنی ایس او پیز پر لازمی عملدرآمد کرنا ہوگا۔صوبائی وزیرنے کہاکہ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر تما م عوامی نمائندگان اپنے اپنے حلقوں میں مصروف خدمت ہیں تاکہ مستحق افراد تک انکا حق پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود مجموعی طور 1.25کھرب روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا، جس کے باعث ملک کے سوا ایک کروڑ مستحق خاندانوں کو بارہ ہزار روپے کی فراہمی کا عمل نہایت شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ مزدوروں اور ورکرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھی ایک خصوصی پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے۔