حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ نے اپنا سب کچھ اسلام کیلئے قربان کیا،علماء

حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ نے اپنا سب کچھ اسلام کیلئے قربان کیا،علماء

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان سے منسلک علماء،خطباء نے ام المؤمنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ کے یوم وفات کے موقع پر تقریبات میں ان کے فضائل ومناقب کو بیان کرتے ہوئے آپؓ کی دین اسلام کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،وائس چیئر مین مولانا عبید الرحمن ضیاء، مولانا یار محمد عابد، پیر جی خالد محمود قاسمی،حافظ محمد شعبان صدیقی،حافظ شعیب الرحمن قاسمی،مولانا عبد المنان عثمان و دیگر نے کہا کہ ام المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ نے اپنا سب کچھ اسلام کی سربلندی کیلئے قربان کیا۔ حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کی زندگی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔۔
حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓکو عورتوں میں سے سب سے پہلے حضور اکرم ﷺ پر ایمان لانے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی بیوی ہونے کی سعادت حاصل ہے۔ام المؤمنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ پاکیزہ سیرت، اعلیٰ اخلاق، بلند کردارکی وجہ سے مشہور تھیں۔

 شعب ابی طالب میں تین سال انتہائی دکھ، تکلیف، اذیتوں اور مصیبتوں میں گزارے۔ان قیامت خیز لمحات اور آزمائش کی گھڑیوں میں ام المؤمنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبرٰیؓ نے بڑے صبرواستقامت کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اور آرام کا ہر ممکن خیال کیا، جبکہ اپنا تمام مال و دولت پہلے ہی اللہ کے راستہ میں قربان کر چکی تھیں۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ام المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓوہ پہلی خاتون ہیں جن پر اسلام کی حقیقت سب سے پہلے روشن ہوئی اور انہوں نے نبی کریم ؐ کی تصدیق کی۔ بے شمار فضائل و مناقب کی بناء پر انہیں تاریخ اسلام میں نہائت بلند مقام حاصل ہے۔