اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اسرائیل لبنان سرحد پر کشید گی پر تشویش کا اظہار
نیویارک (اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل لبنان سرحد پر حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین خطے میں امن و تحمل اور کشیدگی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے لبنان اسرائیل سرحد پر حالیہ کشیدگی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس(یو این آئی ایف آئی ایل) کے ان واقعات کا جائزہ لینے اور قریبی مشاورت کے بعد واضح ہوا ہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کے آپریشن کے علاقے اور بلیو لائن سمیت سلامتی کونسل کی قرارداد 1701کی زمینی اور فضائی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ بلیو لائن لبنان اور اسرائیل کے مابین ایک سرحدی حد بندی ہے جو اقوام متحدہ نے2000 ء میں مقرر کی تھی جبکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے سے متعلق 2006ء میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1701منظور ہوئی تھی۔ سلامتی کونسل کے اراکین نے کہا کہ تمام فریقین ہر ممکن کوشش کریں کہ دشمنیوں کا خاتمہ برقرار رہے، زیادہ سے زیادہ پرسکون اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔
اور ایسی کسی بھی کارروائی یا بیان بازی سے باز رہیں جوخطے کو غیر مستحکم کرنے کا خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ فریقین کی یو این آئی ایف آئی ایل، لبنان اور اسرائیل کی ملسح فورسز پر مشتمل سہ فریقی میکانزم کا بہترین استعمال کرنے کی خواہش کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے یو این آئی ایف آئی ایل کے امن قائم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کسی بھی قسم کے حملوں کی بھی مذمت کی۔