کرونا ٹائیگر فورس کی ہر ممکن معاونت کریں گے،ایس ایس پی آپریشنز

کرونا ٹائیگر فورس کی ہر ممکن معاونت کریں گے،ایس ایس پی آپریشنز

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) ایس ایس پی آپریشنزلاہور فیصل شہزاد نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کوروناریلیف ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے بڑا چیلنج کورونا لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر متاثرہ افراد کی امداد ہے۔متاثرہ اشخاص کی مدد اور کورونا وائرس سے اپنی ذات سمیت تمام افراد کو بچانا معاشرے کے ہر شہری کا اولین فرض ہے۔ نوجوان مشکل کی اس گھڑی میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے اور قانون شکن عناصر کی نشاندہی کے ذریعے قائدانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے بڑی تعداد میں بریفنگ میں شرکت کی۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل ظفر،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فرحت عباس و دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔فیصل شہزاد نے کہا کہ کورونا ایمرجنسی کے تناظر میں مختلف مقامات پر ڈیوٹیوں کے پیش نظر لاہور پولیس کا بھی نفری اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے جس کے تحت وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں قائم کردہ ٹائیگر فورس کے رضا کار اللہ کی رضا کی خاطر بغیر کسی معاوضے کے کوروناریلیف و آگاہی سرگرمیوں میں لاہور پولیس کو معاونت فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضا کار مساجد،دکانوں اور مارکیٹوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی کوئی بھی ممکنہ خلاف ورزی متعلقہ افسران کو رپورٹ کریں گے۔ایس ایس پی آپریشنز نے مزید کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضا کار ذخیرہ اندوزی، مصنوعی افراط زرسمیت قانون شکنی کے معاملات کی نشاندہی بھی کریں گے جس پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کارروائی عمل میں لائے گی۔فیصل شہزاد نے کہا کہ ٹائیگر فورس یونین کونسلز کے ہیلپ ڈیسک پر بے روزگار افراداور احساس کفالت مراکز پرمعاشی متاثرین کی رجسٹریشن میں بھی معاونت کرے گی۔فیصل شہزاد نے کہا کہ رضا کار راشن تقسیم، سرکاری اعلانات، تدفین اور لاک ڈاؤن معاملات میں بھی معاون ہو نگے۔کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے لاہور پولیس کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید :

علاقائی -