ناقص کارکردگی پر انچارج انویسٹی گیشن ہربنس پورہ تبدیل، تفتیشی افسر معطل

ناقص کارکردگی پر انچارج انویسٹی گیشن ہربنس پورہ تبدیل، تفتیشی افسر معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) ڈی ایس پی باغبانپورہ خالد محمود فاروقی نے انچارج انویسٹی گیشن ہربنس پورہ خضرحیات واہلہ کو ایک مقدمہ کی تفتیش میں ناقص کارکردگی پرسخت سرزنش کر دی، جس پر دونوں افسران کے درمیان توتکرار پیدا ہو گئی۔اعلیٰ پولیس افسران نے نوٹس لیکر انچارج انویسٹی گیشن کو تبدیل جبکہ ایک تفتیشی افسر کو معطل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ انویسٹی گیشن پولیس ہربنس پورہ نے شہری میاں اسلم وغیرہ چار افراد کو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ایک ملازم پر تشدد کرنے کے الزام میں حراست میں لے رکھا تھا اور انویسٹی گیشن پولیس حراست میں لئے جانے والے ملزمان سے تفتیش کی بجائے مبینہ طو رپر مک مکا میں مصروف تھی۔

کہ اسی دوران سیشن جج لاہور کے حکم پر بیلف نے تھانہ پر چھاپہ مار دیا اور بیلف نے میاں اسلم وغیرہ چاروں افراد کو پولیس کی قید سے بازیاب کروا لیا۔جس پر ڈی ایس پی باغبانپورہ سرکل خالد محمود فاروقی نے انچارج انویسٹی گیشن ہربنس پورہ خضرحیات واہلہ اور تفتیشی افسر امجد علی کو دفتر طلب کر کے سخت سرزنش کی تو اس دوران انچارج انویسٹی گیشن ہربنس پورہ خضرحیات واہلہ نے ڈی ایس پی باغبانپورہ سے بدتمیزی شروع کر دی جس پر اعلیٰ افسران نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انچارج انویسٹی گیشن کو تبدیل جبکہ تفتیشی امجد علی کو معطل کر دیا ہے۔ سابق انچارج انویسٹی گیشن ہربنس پورہ خضرحیات واہلہ کے مطابق ڈی ایس پی باغبانپورہ نے ان کے ساتھ سخت جملوں کا استعمال کیا جس پر غصے میں آ کر ڈی ایس پی سے معمولی توتکرار ہو گئی۔جبکہ ڈی ایس پی باغبانپورہ سرکل خالد محمود فاروقی کا کہنا ہے کہ ناقص تفتیش پر ڈانٹ ڈپٹ کرنا معمول کا حصہ ہے تاہم معمولی توتکرار ضرور ہوئی۔

مزید :

علاقائی -