اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی درخواست پرسماعت14 مئی تک ملتوی
لاہور(نامہ نگار)سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل کی درخواست پر اس کے مبینہ شوہرعتیق الرحمن کے وکلا ء کو بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے میرا کی اپیل کی درخواست پر سماعت کی،عدالت کے روبرو کرونا وائرس کے پیش نظر اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کے وکلاء پیش نہ ہوئے جبکہ عدالت نے فریقین کے وکلا کو بحث کیلئے طلب کر رکھا تھا۔اداکارہ میرا نے درخواست میں موقف اختیار کر رکھا ہے کہ فیملی کورٹ نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا ہے عتیق الرحمان میرا شوہر نہیں۔
، وہ جھوٹا شخص ہے اور عتیق الرحمن نے عدالت کو جھوٹوں کے ذریعے گمراہ کیا۔عتیق الرحمن نے میرے ساتھ شوٹنگ پر تصاویر بنائیں اور ان کوعدالت میں پیش کردیا جو حقائق پر مبنی نہیں،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیملی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیاجائے،فیملی کورٹ نے میرا کو عتیق الرحمن کی بیوی قرار دے کراداکارہ میرا کی درخواست مسترد کی تھی جسے اب اداکارہ میرا نے سیشن کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔