اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب
اسلام آباد (آئی این پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (آج) بدھ کو طلب کرلیا گیا، اجلاس میں پندرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اجلاس کی صدارت کرینگے،جاری ایجنڈے کے مطابق اجلاس کو سرکاری طور پر ملک بھر میں گندم خریداری کی پیش رفت پر آگاہ کیا جائے گا اس کے علاوہ کپاس کی فصل کی امدادی قیمت مقرر کرنے پر غور کیا جائے گا،ملک میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے تین ہزار روپے فی من امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ایجنڈے کے مطابق بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت کے لئے مراعات پیکیج پر غور کیا جائے گا اور پاور ہولڈنگ کمپنی کے 340 ارب روپے کے قرض کو پبلک ڈیٹ میں شامل کرنے کی منظوری دی جائے گی، ساتھ ہی پاور سیکٹر آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں 300 ارب روپے کے سکوک بانڈ کی تقسیم کی منظوری دی جائے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے کی زمین کو پاکستان کوسٹ گارڈز سے خالی کرانے کی ہدایات جاری کرے گی، بندرگاہ پردرآمد شدہ سامان کے لئے فری پریڈ بڑھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔اس کے علاوہ تخفیف غربت ڈویڑن کے لئے 12 ارب 15 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی اسکے علاوہ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس آفس کو 31 کروڑ روپے کے مزید فنڈز دینے کی منظوری دی جائے گی جبکہ اسلام آباد کو رواں مالی سال کی دوسری ششمائی کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں رئیس انور عباسی مرحوم کی فیملی کی امداد کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دینے پر غور کیا جائے گا،ساتھ ہی کویت سے پیٹرول درآمد پر ایکسچینج ریٹ نقصانات کو پورا کرنے پر غور کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی