کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کو دکھانے والے فوٹوگرافرز نے ایوارڈ جیت لیا

  کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کو دکھانے والے فوٹوگرافرز نے ایوارڈ جیت لیا

  

اسلام آباد(این این آئی)اپنی زندگی کی پرواہ کیے بغیر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم دنیا کو دکھانے والے تین کشمیری فوٹوگرافرز نے صحافت کا اعلان ترین ایوارڈ جیت لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے وابستہ تین فوٹوگرافرز چنی آنند، مختار خان اور ڈار یاسین نے اعلیٰ ترین صحافتی ایوارڈ پلٹزر حاصل کرلیا۔تینوں فوٹوگرافرز کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کو تصاویر شکل میں دنیا کے سامنے لانے پر مذکورہ ایوارڈ سے نوازا گیا۔پلٹزر ایوارڈ امریکا کا اعلیٰ ترین و معتبر صحافتی ایوارڈ ہے، جو ہر سال صحافت اور ٹی وی ڈراما کی متعدد کیٹیگریز میں دیا جاتا ہے۔پلٹزر ایوارڈ صحافتی و ٹی وی ڈرامے جیسے شعبوں کی مجموعی طور پر 23 کیٹیگریز میں دیا جاتا ہے اور تینوں کشمیری فوٹوگرافرز کو صحافت کے شعبے کی فیچر فوٹوگرافی کیٹیگری میں ایوارڈ دیا گیا۔تینوں فوٹوگرافرز کو مجموعی طور پر ایک ہی ایوارڈ دیا گیا اور ایوارڈ میں ملنے والی رقم بھی مجموعی طور پر تینوں فوٹوگرافرز میں یکساں تقسیم کی جائے گی۔

فوٹو گرافر زایوارڈ

مزید :

صفحہ آخر -