پاکستانی امریکن کمیونٹی کی صحافتی شخصیت اشرف سہیل انتقال کرگئے
کراچی(پ ر) نیوجرسی پاکستانی امریکین کمیونٹی نیوجرسی کی معروف سماجی شخصیت، ادیب و صحافی اشرف سہیل انتقال کرگئے، ان کی عمر 70 سال تھی۔ وہ ایک ہفتے قبل بخار اور سانس کی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کئے گئے جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے باوجود طبیعت نہ سنبھل سکی۔ سانس میں دشواری کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر لگادیا گیا جہاں چند روز زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ہفتے کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ اشرف سہیل گذشتہ پچیس سالوں سے ”جہاں نما“ کے نام سے نیوجرسی امریکہ سے میگزین شائع کررہے تھے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے وا لی مختلف شخصیات نے مرحوم کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ملک کی معروف میڈیا پرسن سیدہ سبین فاطمہ نے ان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک شفیق، بااخلاق، باکردار اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم میری انٹرنیشنل پرنٹ میڈیا میں شناخت کی وجہ بنے تھے وہ میرے محسن تھے، اللہ کریم ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔