لاک ڈاؤ ن میں نرمی نقصان دہ ہو گی، پی ایم اے کا انتباہ، 10سفارشات پیش

لاک ڈاؤ ن میں نرمی نقصان دہ ہو گی، پی ایم اے کا انتباہ، 10سفارشات پیش

  

لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور نے کورونا وائرس میں مزید شدت آنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کرنے کیساتھ ساتھ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو مستقبل قریب میں جتنے مریض سامنے آئیں گے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ جائے گی،ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنما پروفیسر اشرف نظامی نے اپنی ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا۔ ڈاکٹر اظہار احمد چودھری،پروفیسر شاہد ملک،ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، ڈاکٹر واجد علی،ڈاکٹر احمد نعیم اختراورڈاکٹر سلمان کاظمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر اسرار چودھری اور ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی یا اس کو ختم کرنا ملکی حق میں نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ509میڈیکل پروفیشنلز کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔جن میں 263 ڈاکٹرز، 171 پیرامیڈکس اور 75 نرسز شامل ہیں اور آنے والے وقت میں یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے مدنظر رکھ کر ہماری10سفارشات پر عملدرآمد کرے۔ پروفیسر اشرف نظامی نے کہا کہ حکومت تمام میڈیکل پروفیشنلز کو معیاری حفاظتی لباس بشمولN-95ماسک اور دوسرے اہم جز مہیا کرے،لاک ڈاؤن کو مزید بڑھایا جائے،کرونا ٹیسٹ کی استعداد کار کو مزید موثر اور WHO کی سفارشات کے مطابق بڑھایا جائے،کورونا کے مریضوں کو اپنے گھروں میں آئسولیٹ ہونے کی پالیسی پنجاب میں بھی لاگو کی جائے۔پی ایم اے رہنماؤں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں کورونا وارڈز بنانے کی بجائے کرونا ہسپتال بنائے جائیں،اس سلسلہ میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے ہسپتالوں کو ہنگامی بنیاد پر زیراستعمال لایا جائے، ہر شہر میں مستقل بنیادوں پر1000 بیڈز کے ہسپتال بنائے جائیں اور عارضی ہسپتال ختم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک شہر میں بینکوں کے باہرلمبی قطاروں کا نوٹس لیں جبکہ آدھے بینک صبح اور آدھے شام کے وقت کھولے جائیں،سٹی ٹریفک پولیس آفیسر تمام ٹریفک چالانوں کو آن لائن، بذریعہ موبائل ایزی پیسہ جمع کروانے کا بندوبست کرے۔ ڈپٹی کمشنرز شہر میں ہاتھ دھونے کے عارضی انتظامات کو ختم کر کے مستقل بندوبست کریں اورواش بیسن نصب کیے جائیں،تاجر حضرات بذریعہ شٹرڈاؤن آن لائن یا پھر بذریعہ موبائل بزنس کریں۔پی ایم اے رہنماؤں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے فوت ہونے والے مریضوں کی تدفین کیلئے فرانزک میڈیسن کے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے اور تدفین کیلئے ایس اوپی جاری کی جائے۔

پی ایم اے/لاہور

مزید :

صفحہ اول -