تھانہ فیروز والہ کے احاطہ میں دھماکہ، خاکروب ہلاک، قریبی مسجد کی چھت اڑ گئی
شیخوپورہ،فیروزوالہ (بیورورپورٹ+نمائندہ پاکستان)تھانہ فیروز والہ پرانا مال مقدمہ کے کمرئے کی ملحقہ جگہ پر زوردار دھماکہ تھانہ فیروز والہ کی صفائی کرنے والا خاکروب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا،زورداردھماکہ کی آواز سے گنجان آبادی میں خوف وہراس پھیل گیا۔دھماکے کی شدت سے پولیس فرنٹ ڈیسک کے شیشے والے درواوزے اورکئی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے،قریبی مسجد کی چھت اڑ گئی۔جائے وقوعہ پردوفٹ گہراگڑھاپڑگیا۔تھانے میں بھگدڑمچ گئی پولیس اہلکارکمروں میں چھپ گئے حوالات میں بندملزموں نے زمین پرلیٹ کرخودکومحفوظ کیا۔اس دھماکے کے بارے میں پولیس افسران کوئی معقول جواب نہ دے سکے۔،ایک اطلاع کے مطابق تھانہ میں دھماکہ خیزمواد کہاں سے آیااورکیسے پھٹایہ پولیس کیلئے ایک معمہ بن گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی اوشیخوپورہ غازی محمد صلاح الدین جائے وقوعہ پر پہنچ کر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی دھماکہ کی اطلاع ملی پولیس حرکت میں آگئی فرانزک سائنس ایجنسی اور سی ٹی ڈی اور سول ڈیفنس ٹیم کو بلا لیا ہے ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی مرکز مسیح جسکا بیٹا پولیس میں ملازمت کرتا ہے اوراسکا والد اسی تھانہ کی صفائی ستھرائی کے کاموں پر معمور ہے جس نے پرانی چیزوں کو اٹھایا ہے اوراسی دوران دھماکہ ہوگیا جس کو ریسکیو1122کی مدد سے لاہور کے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اس کے علاوہ نہ ہی کوئی پولیس اہلکار اورحوالاتی زخمی ہوا ہے،ڈی پی اوشیخوپورہ کے مطابق پرفیوم فیکٹری کے سلنڈر دھماکہ والی بات بے بنیاد اورجھوٹی ہے کیونکہ ان سلنڈروں کو خالی کروایا گیاتھا جس کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ ہمارئے پاس موجود ہے،ڈی پی او شیخوپورہ غازی محمد صلاح الدین کا اس موقعہ پر کہناتھا کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کیاجارہا ہے کسی بیگ میں رکھی ہوئی چیز کا دھماکہ ہونے والی بات بھی غلط ہے مضروب سے کوشش کی گئی کہ اس سے جان سکیں کہ دھماکہ کیسے ہوئے کیونکہ وہ زخمی زیادہ تھا اس لیے اس کی جان بچانا اولین ترجیح تھی لیکن وہ زخموں کی تا ب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگیا پنجاب پولیس اسکے وارثان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔متوفی کی مالی امداد جو بھی ممکن ہوسکی کی جائے گی۔
دھماکہ