شہباز شریف ملک سے باہر جانے کیلئے ہاتھ جوڑ رہے ہیں،شیخ رشید

شہباز شریف ملک سے باہر جانے کیلئے ہاتھ جوڑ رہے ہیں،شیخ رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپوٹرر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف ملک سے باہر جانے کیلئے ہاتھ جوڑ رہے ہیں۔ انہیں پاکستان آکر لینے کے دینے پڑ چکے ہیں۔ ان کے خلاف کیس بہت مضبوط ہے گرفتاری سے بچ نہیں پائیں گے۔ جبکہ مولانا فضل الرحمان کو خبردار کرتا ہوں کہ انہیں ایک بار پھر استعمال کیا جائے گا۔ بھارت آئندہ چند روز میں سرحد پر چھیڑ چھاڑ کرے گا لیکن مودی کو پاک فوج کی طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔ منگل کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امید ہے کہ9مئی تک لاک ڈاؤن کھولنے کا فیصلہ ہو جائے گا اگر 15رمضان تک کاروبار نہ کھولا گیا تو بہت سے سفید پوش لوگ مر جائیں گے انہوں نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے باوجود سب سے زیادہ اموات اور مریض کراچی میں ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم سے متعلق معاملہ نوٹس میں ہے میں نے وزیراعظم سے تصدیق کے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قوانین اور 18ویں ترمیم الگ الگ نہیں چل سکتے نیب نے عید کے بعد حکومت اور اپوزیشن دونوں اطراف کے بڑے بڑے ٹارزن گرفتار کرے گا۔ شہباز شریف پاکستان واپس آکر پھنس چکے ہیں اب انہیں لینے کے دینے پڑ گئے ہیں اور وہ ملک سے باہر جانے کیلئے ہاتھ جوڑ کر منتیں کر رہے ہیں لیکن شہباز شریف کے خلاف کیس بہت مضبوط ہے وہ گرفتاری سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز زبردست آدمی ہیں ان کے ساتھ عاصم باجوہ کی صورت میں ٹیکنیکل ٹیم بھی موجود ہے ٹی وی پر سامنے شبلی فراز ہی نظر آئیں گے لیکن پس پردہ اصل کام عاصم باجوہ ہی کریں گے، عید کے بعد ٹی وی بہت اہم ہوجائے گا اور بہت سے بریکنگ نیوز دیکھنے کو ملیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو فردوس عاشق اعوان سے خود استعفیٰ لینا چاہیئے تھا، وزیراعظم پرنسپل سیکرٹری اعظم خان از خود کسی سے استعفیٰ نہیں لے سکتے وہ وزیراعظم حکم پر ہی سارے کام کرتے ہیں۔
شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -