سبز مرچ کے کاشتکاروں کو فصل کومحفوظ رکھنے کی ہدایت
فیصل آباد (اے پی پی):محکمہ زراعت نے سبز مرچ کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ مرچ کی فصل کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
تاکہ گرین چلی کی فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی گرین چلی کے پتوں کے مڑاؤ کی وجہ سے فصل کے پتے چڑ مڑ ہو جاتے ہیں جس سے پھول جھڑنے کاعمل شروع ہوجاتا ہے اور جو پھل بن رہا ہوتا ہے وہ بھی سائز میں چھوٹا رہ جاتا ہے۔انہوں نے بتا یاکہ مرچ کے تنے کا گلاؤ کے حملے سے پودے کا تنا زمین کی سطح کے بالکل قریب سے گل جاتا ہے جس سے بعد ازاں سارا پھول سوکھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کا حملہ زیادہ تر نچلی سطحوں پر ہوتا ہے لہٰذا سبز مرچ کے کاشتکار اس جانب خصوصی توجہ دیں اور اگر کسی بیماری کی علامت ظاہر ہو تو فوری طور پر اس کا تدارک یقینی بنایا جائے۔