بہاولپورڈویژن: سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جائزہ اجلاس، مختلف امور پرمشاورت
بہاولپور(بیورو رپورٹ، نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر)بہاول پور ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 546ترقیاتی منصوبوں پر رواں برس کے دوران 5858ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ یہ بات کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالہ سے منعقدہ ویڈیو لنک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب(بقیہ نمبر38صفحہ7پر)
جدون، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں علی شہزاد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس نوشین ملک سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بہاول پور میں 152ترقیاتی سکیموں پر رواں سال 1845ملین روپے کی لاگت سے 99فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ضلع بہاول پور میں 37نئی ترقیاتی سکیموں پر رواں سال 160ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ضلع بہاول نگر کی 87جاری ترقیاتی سکیموں پر رواں برس 1321ملین روپے کے فنڈز جبکہ 11نئی سکیموں پر 76.528ملین روپے صرف کئے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع رحیم یار خاں کے 141جاری ترقیاتی منصوبوں پر 1646ملین روپے کے فنڈز صرف کئے گئے ہیں۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ان منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام ان سے جلد استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ میں جا کر ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔