آزاد کشمیر میں کورونا کی روک تھام کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں: چیئر مین این ڈی ایم اے
اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے آزاد کشمیرمیں بھی تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہر طرح کی سہولتیں بہم پہنچا رہے ہیں، تمام ضروری سامان فراہم کر رہے ہیں جبکہ صورتحال کے پیش نظر مزید سامان بھی مہیا کیا جائے گا، وینٹی لیٹرز،N-95 ماسک، سیفٹی گاؤنز، سرجیکل ایکویپمنٹ سمیت میڈیکل اسٹاف کیلئے ضروری امدادی سامان آزاد کشمیربھیجا گیاہے۔گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اگرچہ کرونا پر کنٹرول کیا ہوا ہے تاہم تاجروں کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے اسکے باوجود ہمیں کرونا کے پھیلاؤ سے چوکنا رہنا ہو گا اور اس سے بچاؤ کے لئے مزیدحفاظتی اقدامات اٹھانے ہونگے۔ لیفٹیننٹ جنرل افضل نے بیرسٹر سلطان محمود کو یقین دلایا کہ این ڈی ایم اے آزاد کشمیر میں کرونا کو روکنے کے لئے تمام تر صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ حکومت کی طرف سے احساس پروگرام کے تحت بھی برابر حصہ دیا جا رہا ہے۔
این ڈی ایم اے